حیدرآباد

شمس آباد میں دل کو جھنجھوڑ دینے والا واقعہ، نومولود بچی کو بے یار و مددگار چھوڑ دیا گیا

اندازے کے مطابق بچی کی پیدائش ایک یا دو روز قبل ہی ہوئی ہے

حیدرا آباد :   شمس آباد ایئرپورٹ کالونی پل کے قریب ایک نامعلوم شخص نے نوزائیدہ بچی کو سفید رنگ کے تھیلے میں رکھ کر سڑک کنارے چھوڑ دیا، جس سے علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔

ڈائل-100 پر اطلاع ملتے ہی آر جی آئی اے (RGIA) پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی، بچی کو بحفاظت اپنی تحویل میں لے کر شمس آباد کے سرکاری اسپتال منتقل کیا۔

ابتدائی طبی امداد کے بعد بہتر نگہداشت کے لیے بچی کو امیرپیٹ کے شِشو وہار (Shishu Vihar) منتقل کر دیا گیا۔

ڈاکٹروں کے ابتدائی اندازے کے مطابق بچی کی پیدائش ایک یا دو روز قبل ہی ہوئی ہے۔

اس واقعے کے سلسلے میں آر جی آئی اے پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کو اس بچی یا اس واقعے سے متعلق کوئی معلومات ہوں تو فوراً آر جی آئی اے پولیس اسٹیشن سے رابطہ کریں۔