تلنگانہ کے بعض اضلاع میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسلا دھار بارش کا امکان
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ تلنگانہ میں جنوب مغربی مانسون معمول کے مطابق سرگرم ہے
حیدرآباد : محکمہ موسمیات کے علاقائی مرکز نے اتوار کو پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران تلنگانہ کے منچریال، پداپلی، جے شنکر بھوپال پلی، ملوگو، بھدرادری کوتھا گوڈم اور کھمم اضلاع کے بعض مقامات پر موسلا دھار بارش ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ نے اپنے یومیہ موسمی بلیٹن میں کہا ہے کہ اسی مدت کے دوران ریاست کے مختلف مقامات پر گرج چمک، آسمانی بجلی اور 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔
بلیٹن کے مطابق آئندہ سات دنوں تک تلنگانہ کے مختلف علاقوں میں 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سطحی تیز ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔
اس دوران ریاست کے متعدد مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش یا گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ تلنگانہ میں جنوب مغربی مانسون معمول کے مطابق سرگرم ہے، جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست کے کئی علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی۔