حیدرآباد

حیدرآبادی سیاح کے ساتھ پہلگام کے ایک ڈرائیور کی ایمانداری کا واقعہ

ٹیکسی اسٹینڈ موررا پہلگام کے صدر عبدالرشید وانی نے بتایا کہ حیدر آباد سے تعلق رکھنے والے ایک سیاح نے ہمیں فون کیا کہ وہ دس لاکھ روپے مالیت کے سونے کے زیوارات ایک کار میں بھول گیا ہے۔

سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے پہلگام علاقے سے تعلق رکھنے والے ایک کار ڈرائیور نے ایک غیر مقامی سیاح کو سونے کے زیورات کا بیگ واپس لوٹا کر دیانتداری اور ایمانداری کی ایک تابناک مثال قائم کی ہے۔

ٹیکسی اسٹینڈ موررا پہلگام کے صدر عبدالرشید وانی نے بتایا کہ حیدر آباد سے تعلق رکھنے والے ایک سیاح نے ہمیں فون کیا کہ وہ دس لاکھ روپے مالیت کے سونے کے زیوارات ایک کار میں بھول گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مذکورہ سیاح کے فون کے مطابق ہم نے آکاش احمد وانی کو اپنی کار میں یہ سونا دیکھنے کو کہا۔

ان کا کہنا تھا کہ جب آکاش احمد نے گاڑی میں سونا پایا تو ہم نے مذکورہ سیاح کو اس کے متعلق مطلع کیا۔

موصوف صدر نے کہا کہ حیدر آباد کا یہ سیاح سری نگر ہوائی اڈے پر پہنچ گیا تھا۔

انہوں نے کہا: ’ہم نے سیاح کو کہا کہ ہم سونا لے کر سری نگر ہی پہنچائیں گے لیکن اس نے خود پہلگام آکر سونا حاصل کرنے کو کہا تاکہ وہ یہاں آکر ہمارا شکریہ بھی ادا کرسکے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ میں اسٹینڈ کی طرف سے مذکورہ ڈرائیور کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور اس کو آج ہم ایک انعام سے بھی سرفراز کریں گے۔