حیدرآباد: OYO روم میں خاتون کی مشتبہ حالت میں موت
دونوں نے کمرے میں شراب نوشی کی۔ رمیش کو آدھی رات کے قریب الٹیاں ہونے لگیں جس پر وہ ایک مقامی اسپتال سے رجوع ہوا جہاں اسے دواخانہ میں شریک کرلیا گیا۔
حیدرآباد: شہر حیدرآباد کے مضافاتی علاقہ مادھا پور میں واقع ایک ہوٹل کے OYO روم میں ایک خاتون کی مشتبہ حالت میں موت ہوگئی۔
بتایا گیا ہےکہ 25 سالہ خاتون سروانا پریہ پڈوچیری کی رہنے والی تھی اور یہاں مادھا پور میں قیام پذیر تھی۔ وہ یہاں ایک پرائیویٹ کمپنی میں کام کرتی تھی۔ منگل کی شام تقریباً 5:30 بجے چینائی کے ایک تاجر سری ہری رمیش نے مادھا پور کی گولڈن ہائیو ہوٹل میں OYO روم میں چیک کیا اور اس کی دوست پریہ رات 9 بجے اس سے ملنے آئی۔
دونوں نے کمرے میں شراب نوشی کی۔ رمیش کو آدھی رات کے قریب الٹیاں ہونے لگیں جس پر وہ ایک مقامی اسپتال سے رجوع ہوا جہاں اسے دواخانہ میں شریک کرلیا گیا۔ آج دوپہر تقریباً 1.30 بجے وہ کمرے میں واپس آیا اور پریہ کو مردہ پایا۔ مادھا پور کے انسپکٹر این تروپتی نے یہ بات بتائی۔
انہوں نے بتایا کہ پریہ نے صبح ہوٹل کے عملے کو فون کرکے اپنے قیام کی مدت میں توسیع بھی کرائی تھی۔ 11 بجے کے قریب فوڈ ڈیلیوری ایپ کے ذریعے کھانے کا آرڈر بھی دیا۔ تاہم اس نے بعد میں ریسپشنسٹ کی کالوں کا جواب نہیں دیا۔
انسپکٹر نے مزید بتایا کہ 2 بجے کے قریب جب سری ہری رمیش دواخانہ سے واپس آیا تو دیکھا کہ عورت کی موت ہو چکی تھی اور لاش کمرے میں کرسی پر پڑی تھی۔
پولیس نے مشتبہ موت کا مقدمہ درج کر کے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے ایک سرکاری دواخانہ کے مردہ خانہ منتقل کر دیا ہے۔ پولیس کو شبہ ہے کہ پریہ کی موت کوئی زہریلی چیز کھانے کے بعد ہوئی ہوگی۔
پولیس نے کمرے سے مختلف چیزیں قبضے میں لے کر انہیں معائنہ کے لئے بھیج دیا ہے۔