معذورین کے لئے آئی آئی سی ڈی کی دعوتِ افطار، اہل غزہ کے لئے دعا کا اہتمام، تمام شرکاء اشکبار
ایڈن گارڈن کنگ کو ٹھی حیدرآباد میں آج آئی آئی سی ڈی کی جانب سے دعوت افطار کا اہتمام کیا گیا جس میں حکومت کے اقلیتی امور کے مشیر اورسابق ریاستی وزیر جناب محمد علی شبیر نے بطورمہمان خصوصی شرکت کی اور خطاب کیا۔
حیدرآباد: ایڈن گارڈن کنگ کو ٹھی حیدرآباد میں آج آئی آئی سی ڈی کی جانب سے دعوت افطار کا اہتمام کیا گیا جس میں حکومت کے اقلیتی امور کے مشیر اورسابق ریاستی وزیر جناب محمد علی شبیر نے بطورمہمان خصوصی شرکت کی اور خطاب کیا۔
واضح رہے کہ آئیڈیل انفارمیشن سینٹر فار ڈس ایبلڈ، آئی آئی سی ڈی، اعظم پورہ (جماعت اسلامی ہند عظیم ترحیدر آباد) کی جانب سے معذور طلباء وطالبات کے لئے سال 2006 میں قائم کیا گیا ادارہ ہے جس کا مقصد قوت سماعت و قوت گویائی اور بینائی سے محروم بچوں کے علاوہ ذہنی طور پر معذور بچوں کو دینی و عصری تعلیم سے ہم آہنگ کرنا اور انھیں بھی سماج میں برابر کا مقام دلانا ہے۔
یہ ادارہ ملت کے ایسے بچوں کو جو جسمانی اورذہنی طور پر معذور ہیں، انھیں دینی و دنیوی تربیت فراہم کر رہا ہے جس میں کمپیوٹر اور دیگر فنی تربیت بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ان بچوں کی ہر طرح سے کونسلنگ اور تربیت کی جاتی ہے۔ اسکے علاوہ دینی تعلیم و اخلاقی تعلیم کے ساتھ قرآن مجید بھی ان کی زبان میں پڑھایا جاتا ہے۔
امیر حلقہ تلنگانہ ڈاکٹر محمد خالد مبشرالظفرنے صدارتی خطاب کیا۔ طلبہ و طالبات نے دلوں کو چھولینے والا غیر معمولی مظاہرہ پیش کیا۔ سابق ریاستی وزیرجناب محمد علی شبیر نے معذور بچوں کے لئے ایک لاکھ روپے کا عطیہ دینے کا اس موقع پراعلان کیا۔
خاص کر غزہ کے مظلوم اور فلسطین کے شہدا کی یاد میں پیش کئے گئے دعائیہ مظاہرہ پر ہال میں موجود سبھی شرکاء کی آنکھیں اشکبارہوگئیں۔ جناب محمد اظہر الدین معاون امیر حلقہ تلنگانہ، ناظم شہر ڈاکٹر محمد مبشر احمد، سکریٹری آئی آئی سی ڈی جناب ایس ایم نوید الرحمان اور آئیڈیل انفارمیشن سینٹر فار ڈس ایبلڈ، اعظم پورہ کے ذمہ داران، اساتذہ، طلبہ اور اولیائے طلبہ کی کثیر تعداد اس موقع پر موجود تھی۔
بریل زبان میں حفظ قرآن مجید کی سعادت حاصل کرنے والی پانچ نابینا طالبات کو بھی اعزاز و اسنادات سے نوازا گیا۔