حیدرآباد

حیدرآباد میں ٹرمپ ٹاورز کا شاندار اعلان، کوکاپیٹ میں 65 منزلہ دو لگژری ٹاورز ہوں گےتعمیر

ٹری بیکا ڈیولپرز نے اِرا ریئلٹی کے اشتراک سے اس اہم منصوبے کا اعلان کیا ہے۔ یہ منصوبہ جنوبی ہندوستان میں ٹرمپ برانڈ کے رہائشی منصوبوں کے میدان میں پہلی بڑی پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔

حیدرآباد: حیدرآباد کے تیزی سے ترقی کرتے علاقے کوکاپیٹ کے گولڈن مائل روڈ پر لگژری رہائشی منصوبوں کی دنیا میں ایک بڑا اضافہ ہونے جارہا ہے، جہاں ٹرمپ ٹاورز حیدرآباد کے نام سے دو بلند و بالا رہائشی ٹاورز تعمیر کیے جائیں گے۔

ٹری بیکا ڈیولپرز نے اِرا ریئلٹی کے اشتراک سے اس اہم منصوبے کا اعلان کیا ہے۔ یہ منصوبہ جنوبی ہندوستان میں ٹرمپ برانڈ کے رہائشی منصوبوں کے میدان میں پہلی بڑی پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔

منصوبے کے تحت دو شاندار ٹاورز تعمیر کیے جائیں گے، جن میں سے ہر ٹاور 65 منزلہ ہوگا اور اس کی بلندی تقریباً 800 فٹ تک ہوگی۔ دونوں ٹاورز کو 28ویں منزل پر ایک معلق پل کے ذریعے آپس میں جوڑا جائے گا۔ اس پل پر ٹرمپ کلب قائم کیا جائے گا، جہاں دونوں ٹاورز پر پھیلا ہوا کلب فلور اور حیدرآباد شہر کے خوبصورت نظاروں سے لطف اندوز ہونے کے لیے خصوصی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

ٹرمپ ٹاورز حیدرآباد میں 450 سے زائد لگژری رہائشی یونٹس تعمیر کیے جائیں گے۔ ان میں ساڑھے تین بیڈ روم اور چار بیڈ روم والے گھر شامل ہوں گے، جبکہ ڈبل ہائٹ سادہ رہائشی یونٹس بھی منصوبے کا حصہ ہوں گے۔

ہر رہائشی یونٹ میں نجی لفٹ لابی اور فرش سے چھت تک شیشے کی کھڑکیاں فراہم کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ عمارت کے وسیع اور خوبصورت سرسبز حصے میں رہائشیوں کے لیے مختلف جدید، تفریحی اور دیگر سہولیات بھی دستیاب ہوں گی۔

منصوبے کو رئیل اسٹیٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے تحت رجسٹریشن بھی حاصل ہوچکی ہے۔ اس کا رجسٹریشن نمبر P02400010871 ہے۔ منصوبے میں دلچسپی رکھنے والے افراد کے لیے اظہارِ دلچسپی کا عمل شروع کردیا گیا ہے، جبکہ ابتدائی طور پر رجسٹریشن کرانے والوں کو باقاعدہ فروخت شروع ہونے سے قبل ترجیحی بنیاد پر رہائشی یونٹ کی تخصیص کا موقع دیا جائے گا۔

ٹرمپ آرگنائزیشن کے ایگزیکٹو نائب صدر ایرک ٹرمپ نے کہا کہ حیدرآباد ہندوستان کے سب سے متحرک اور تیزی سے ترقی کرنے والے شہروں میں شامل ہے۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ ٹرمپ ٹاورز حیدرآباد شہر کے نمایاں اور معروف رہائشی پتوں میں اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہوگا۔

ٹری بیکا ڈیولپرز کے بانی کلپیش مہتا نے کہا کہ اس منصوبے کو حیدرآباد کے لیے ایک منفرد اور نمایاں تعمیراتی نشان بنانے کے مقصد سے تیار کیا گیا ہے۔ اِرا ریئلٹی کے بانی اور منیجنگ ڈائریکٹر نرسی ریڈی نے کہا کہ گولڈن مائل جیسے تیزی سے ترقی کرنے والے علاقے کو عالمی معیار کے منصوبے کی ضرورت تھی۔

ٹری بیکا ڈیولپرز کے مطابق کمپنی ہندوستان کے مختلف بڑے شہروں میں ٹرمپ برانڈ کے رہائشی منصوبے تیار کرچکی ہے، جن میں ممبئی، پونے، گڑگاؤں، نوئیڈا اور کولکاتا شامل ہیں۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اب تک وہ 13 منصوبے مکمل کرچکی ہے، جو مجموعی طور پر تقریباً ایک کروڑ 40 لاکھ مربع فٹ رقبے پر مشتمل ہیں۔

ٹرمپ ٹاورز حیدرآباد کے اعلان کے موقع پر کلپیش مہتا اور نرسی ریڈی نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے منصوبے کے حجم، تعمیراتی ڈیزائن اور حیدرآباد کے لگژری رہائشی بازار میں اس کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

دو 65 منزلہ ٹاورز، 28ویں منزل پر معلق پل اور جدید لگژری سہولیات کے ساتھ ٹرمپ ٹاورز حیدرآباد کوکاپیٹ کی تیزی سے تبدیل ہوتی ہوئی اسکائی لائن میں ایک نمایاں اضافہ ثابت ہوسکتا ہے۔