مذہب

نماز جمعہ کی اہمیت و فضائل

اللہ تعالیٰ کو نماز سب سے زیادہ پسند ہے، اسی وجہ سے پروردگار عالم نے اس عبادت کو اپنی ان غیر متناہی نعمتوں کے ادائے شکر کیلئے جن کا سلسلہ پیدائش سے لیکر آخر وقت تک منقطع نہیں ہوتا ہر دن میں پانچ وقت نماز مقرر فرمایا ہے۔

محمد خورشید اختر صدیقی
پنسال تعلیم بیدر(کرناٹک)

اللہ تعالیٰ کو نماز سب سے زیادہ پسند ہے، اسی وجہ سے پروردگار عالم نے اس عبادت کو اپنی ان غیر متناہی نعمتوں کے ادائے شکر کیلئے جن کا سلسلہ پیدائش سے لیکر آخر وقت تک منقطع نہیں ہوتا ہر دن میں پانچ وقت نماز مقرر فرمایا ہے۔ جمعہ کے دن چونکہ تمام دنوں سے زیادہ نعمتیں فائز ہوتی ہیںنبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ تمام دنوں سے بہتر جمعہ کا دن ہے ۔

اسی دن میں حضرت آدم علیہ لسلام پیداکئے گئے اور اسی دن جنت میں داخل کئے گئے اور اسی دن جنت سے باہر لائے گئے ۔اور قیامت کا وقوع بھی اسی دن ہوگا اور اسی شب جمعہ میں سرور دو عالم ﷺ اپنی والدہ ماجدہ کے شکم طاہر میں جلوہ افروز ہوئے اور حضور اکرم ﷺ کا تشریف لانا اس قدر خیر برکت دنیا و اخرت کا سبب ہوا جس کا اعداد و شمار کوئی نہیں کرسکتا۔

نبی کریم ﷺ نے فرمایا جمعہ میں ایک ساعت ایسا ہے کہ اگر کوئی مسلمان اس وقت اللہ تعالی سے دعا مانگے تو ضرور قبول ہوگی ۔اور نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ تمہارے سب دنوں میں جمعہ کا دن بہت افضل ہے ۔اور اسی دن صور پھونکا جائیگااسی روز کثرت سے مجھ پر درود شریف پڑھا کرو کہ وہ اسی دن میرے سامنے پیش کیا جاتاہے ،

نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ جمعہ کا دن تمام دنوں کا سردار اور اللہ تعالیٰ کے نزدیک سب سے بہت ہی افضل دن ہے نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ جو مسلمان جمعہ کے دن یا جمعہ کی شب کو انتقال کرجاتاہے اللہ تعالیٰ اس کو عذاب قبر سے محفوظ رکھتا ہے ،نبی کریم ﷺ نے فرماتے تھے کے جمعہ کی رات سفید رات ہے اور جمعہ کا دن روشن دن ہے اور ایک جمعہ کوارشادفرمایا کہ’’اے مسلمانواس دن کو اللہ تعالیٰ نے مومن کیلئے عید المومنین مقرر فرمایا ہے پس اس دن غسل کرو اور جس کے پاس خوشبو ہو وہ خوشبو لگائے اور مسواک کو لازم کرولو ‘‘جمعہ کے روز ہر مرد مسلمان مقیم و تندرست کو چاہئے کہ نہا دھو کر کپڑے پاک و صاف پہنے اور خوشبو لگائے ، اور پھر شہر کی جامع مسجدمیں چار رکعت سنت نماز جمعہ اد اکرے ،خطبہ کے بعد امام کے ساتھ جماعت سے دو رکعت فرض نماز جمعہ اداکرے جس میں امام قرأ ت بلند آواز سے پڑھے جمعہ کا وقت آجائے اورلوگ جمع ہوکر سنتوں سے فارغ ہوجائیں تو امام کو چاہیئے کہ وہ ممبر پر بیٹھ جائے اور موذن امام کے سامنے کھڑے ہوکر اذاں دے ،اذاں ختم ہوتے ہی امام فور اکھڑے ہو کر خطبہ شروع کریں۔

پھر ایک خطبہ پڑھ کر بیٹھ جائے اور اتنی دیر تک بیٹھے کہ تین مرتبہ سبحان اللہ کہہ سکیں اس کے بعد دوسرا خطبہ شروع کردے ،امام کو چاہئے کہ خطبہ جمعہ پڑھتے وقت کھڑے رہیں اپنا منہ لوگوں کی طرف رکھے اور خطبہ شروع کرنے سے پہلے دل میں اعوذ بااللہ من الشیطان الرجیم کہہ لے۔ امام کو خطبہ ایسی آواز سے پڑھنا چاہیئے کہ سب کو سنائی دے اور اتنا بھی طویل خطبہ نہ پڑھیں جس میں جمعہ کی نما زسے زیادہ وقت صرف ہو ۔ خطبہ سننے والے قبلہ رو ہوکر بیٹھیں اور خطبہ کے درمیان نہ کوئی نماز پڑھیں اور نہ کوئی بات چیت وغیرہ نہ کریںبلکہ خاموشی سے خطبہ سنتے رہیں۔

چونکہ خطبہ سنناواجب ہے اسی لئے کوئی ایسا کام نہ کریں جو خطبہ سننے میں خلل ہو، وہ مکروہ تحریمی ہے۔ خطبہ کے درمیان اگر نبی کریم ﷺ کا نام آئے تو آہستہ سے دل میں درود شریف پڑھنا مستحب ہے ۔ ہر مسلمان کو چاہیئے کہ جمعہ کا اہتمام پنجشنبہ (جمعرات) سے کرے جمعرات کے دن بعد عصر استغفار زیادہ سے زیادہ کریںبزرگان دین نے فرمایا ہے کہ سب سے زیادہ جمعہ کا فائدہ اس کو ملیگا جو اس کا منتظر رہتا ہو اور اس کا اہتمام جمعرات سے کرتاہو اور سب سے زیادہ بد نصیب وہ ہے جس کو یہ بھی نہ معلوم ہوکہ جمعہ کب ہے حتی کہ صبح اُٹھ کر لوگوں سے یہ پوچھے کہ آج کونسا دن ہے اور بعض بزرگ حضرات شب جمعہ کو زیادہ اہتمام کی غرض سے جامع مسجد ہی میں جاکر رہتے تھے۔

پھر جمعہ کے دن غسل کرے بالوں کو اور بدن کو خوب صاف کرے، اور مسواک کرنا بھی اس دن بہت فضیلت رکھتا ہے اور جمعہ کے دن بعد غسل کے عمدہ سے عمدہ کپڑے جو اپنے پاس ہوں پہنے اور ممکن ہوتو خوشبولگائے اورناخن وغیرہ بھی کتریں۔ نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ جمعہ کے دن فرشتے دروازے پر اس مسجد کے جہاں جمعہ کی نماز پڑھی جاتی ہے وہاں پر کھڑے ہوتے ہیں اور سب سے پہلے جو آتا ہے اس کو پھر اس کے بعددوسرے کو اسی طرح درجہ بدرجہ سب کا نام لکھ لیتے ہیں اور سب سے پہلے جو آیا اس کو ایسا ثوا ب ملتا ہے جیسے اللہ تعالیٰ کی راہ میں اونٹ قربانی کرنے کو اس کے بعد جیسے گائے کی قربانی کرنے میں،پھر جیسے اللہ تعالیٰ کیلئے مرغ ذبح کرنے میں اور پھر اللہ تعالیٰ کی راہ میں کسی کو انڈہ صدقہ دیا جائے پھر جب خطبہ شروع تو فرشتے وہ دفتر بند کرلیتے ہیں اور خطبہ سننے میں مشغول ہوجاتے ہیں جمعہ کی نماز کیلئے پاپیادہ جانے ہر قدم پر ایک سال روزے رکھنے کا ثواب ملتاہے جمعہ کی نماز میں نبی کریم ﷺ سورہ جمعہ اورسورہ منافقون پڑھا کرتے تھے جمعہ کے دن خواہ نماز سے پہلے یا بعد سورہ کہف پڑھنے میں بہت ثواب ہے ۔

نبی کریم ﷺ نے فرمایاجمعہ کے دن جو کوئی سورہ کہف پڑھے اس کے لئے عرش کے نیچے سے آسمان کے برابر بلند ایک نور ظاہر ہوگا کہ قیامت کے اندھیرے میں اس کے کام آئے گااور اس جمعہ سے پہلے جمعہ تک کے جتنے گناہ اس سے ہوئے تھے سب معاف ہوجائیںگے جمعہ کے دن درود شریف پڑھنے میں بھی اور دوسرے دنوں سے زیادہ ثواب ملتاہے ۔جمعہ کے دن دردو شریف کی زیادہ سے زیادہ کثرت کرو ، اللہ تعالیٰ ہم سب کو زیادہ سے زیادہ نماز پڑھنے کی توفیق عطا فرمائے ۔آمین ثم آمین۔
٭٭٭

a3w
a3w