بنگلہ دیش کے بعد ہندوستان کی باری‘ متنازعہ پوسٹ پر آسام کا نوجوان گرفتار
اپنی پوسٹ پر کمنٹ میں نوجوان نے دہشت گرد تنظیم القاعدہ سے روابط کا بھی ذکر کیا۔ اس کی پوسٹ فوری پولیس کے علم میں آئی اور اسے جمعرات کی رات حراست میں لے لیا گیا۔ اسے پوچھ تاچھ کی گئی۔
گوہاٹی: آسام کے ضلع ہیلاکنڈی کے ایک نوجوان کو ایک سوشیل میڈیا پوسٹ میں یہ دعویٰ کرنے پر گرفتار کرلیا گیا کہ ہندوستان کو عنقریب بنگلہ دیش میں بے چینی جیسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑے گا۔ عہدیداروں نے جمعہ کے دن یہ بات بتائی۔
نوجوان کا نام رضوان اللہ مظہر بھویاں بتایا گیا ہے۔ اسے ہیلاکنڈی پولیس نے رنگ پور کے وارڈ نمبر5میں اس کے مکان سے حراست میں لیا۔ اس نے فیس بک پوسٹ میں بنگالی زبان میں لکھا تھا کہ بنگلہ دیش کے بعد اب انڈیا کا نمبر ہے۔ بنگلہ دیش کا اثر عنقریب آسام میں دکھائی دے گا۔
اپنی پوسٹ پر کمنٹ میں نوجوان نے دہشت گرد تنظیم القاعدہ سے روابط کا بھی ذکر کیا۔ اس کی پوسٹ فوری پولیس کے علم میں آئی اور اسے جمعرات کی رات حراست میں لے لیا گیا۔ اسے پوچھ تاچھ کی گئی۔ ایک سینئر پولیس عہدیدار نے کہا کہ ہم اس کیس کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں۔
مزید تحقیقات جاری ہیں۔ قبل ازیں چیف منسٹر ہیمنت بشواشرما نے کہا تھا کہ بنگلہ دیش میں بے چینی شمال مشرق کے لئے باعث تشویش ہے، کیونکہ بنگلہ دیش کبھی شمال مشرق میں سرگرم دہشت گرد تنظیموں کا محفوظ ٹھکانہ رہ چکا ہے۔ گزشتہ 15برس میں شیخ حسینہ کے دور میں یہ صورتحال بدل گئی تھی۔