کانگریس کے سینئر رہنماؤں کی اہم ہنگامی میٹنگ
میٹنگ میں حالیہ اسمبلی انتخابات، اس کے بعد پیدا ہونے والی سیاسی صورتحال، مرکز میں بی جے پی حکومت کے 12 سال مکمل ہونے کے معاملے پر کانگریس کی حکمت عملی، مختلف ریاستوں میں تنظیمی صورتحال اور عوامی مسائل سے متعلق امور پر غور کیا جائے گا۔
نئی دہلی: کانگریس کے سینئر رہنماؤں کی ایک اہم ہنگامی میٹنگ آج یہاں کانگریس ہیڈکوارٹر اندرابھون میں طلب کی گئی ہے، جس میں کانگریس کے جنرل سیکریٹری، انچارجوں کے ساتھ ہی مختلف ریاستی اکائیوں کے صدور شرکت کریں گے۔
یہ میٹنگ کانگریس صدر ملیکارجن کھرگے کی صدارت میں صبح 11:30 بجے شروع ہوگی۔ اجلاس میں موجودہ سیاسی حالات، تنظیمی سرگرمیوں اور پارٹی کی آئندہ سیاسی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیے جانے کا امکان ہے۔
کانگریس کے جنرل سیکریٹری (تنظیم) کے سی وینو گوپال کے مطابق میٹنگ میں پارٹی کے جنرل سیکریٹری، مختلف ریاستوں کے انچارجز اور ریاستی کانگریس صدور شرکت کریں گے۔
میٹںگ میں حالیہ اسمبلی انتخابات، اس کے بعد پیدا ہونے والی سیاسی صورتحال، مرکز میں بی جے پی حکومت کے 12 سال مکمل ہونے کے معاملے پر کانگریس کی حکمت عملی، مختلف ریاستوں میں تنظیمی صورتحال اور عوامی مسائل سے متعلق امور پر غور کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ پارلیمنٹ کے آئندہ مانسون اجلاس کے لیے اپوزیشن کی حکمت عملی اور مختلف ریاستوں میں انڈیا اتحاد کے اتحادی جماعتوں کے ساتھ تال میل کے موضوع پر بھی تبادلۂ خیال ہونے کا امکان ہے۔
پارٹی قیادت نے اسے اہم اور ہنگامی میٹنگ قرار دیا ہے۔