کوکٹ پلی میں کے ٹی آر کے ہاتھوں ”لولو مال“ کا افتتاح
صدرنشین لولو گروپ ایم اے یوسف نے کہا کہ ان کی کے ٹی راما راؤ ڈاؤس میں ملاقات ہوئی تھی اور میں نے ان سے ریاست میں 3500 کروڑ روپے سرمایہ کاری کی پیشکش کی تھی۔

حیدرآباد: ریاستی وزیر صنعت و انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ کے ہاتھوں کوکٹ پلی میں جئے این ٹی یو کے روبرو ”لولو مال“ کا افتتاح عمل میں آیا۔ افتتاح کے بعد خطاب کرتے ہوئے کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ دنیا بھر میں 25 سے زیادہ ممالک میں موجود لولو گروپ کا تلنگانہ میں قدم رکھنا خوش آئند ہے۔
گروپ کی جانب سے تلنگانہ میں 3500 کروڑ روپے سرمایہ مشغول کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ جس میں پہلے مرحلہ میں 500کروڑ کے مصارف سے لولو مال کی تعمیر عمل میں لائی گئی ہے۔
آنے والے دنوں میں گروپ کی جانب سے شعبہ فوڈ پراسسنگ، میٹ پراسسنگ، اکوا کلچر کے علاوہ سوپر مارکٹس اور ہائپر مارکٹس کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے جس سے کسانوں اور بے روزگار نوجوانوں کو فائدہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ صدر نشین لولو گروپ ایم اے یوسف وعدے کے مطابق3500 کروڑ روپے سے کہیں زیادہ سرمایہ مشغول کریں گے۔ انہوں نے تیقن دیا کہ حکومت کی جانب سے گروپ کو ممکنہ مدد فراہم کی جائے گی۔
قبل ازیں صدرنشین لولو گروپ ایم اے یوسف نے کہا کہ ان کی کے ٹی راما راؤ ڈاؤس میں ملاقات ہوئی تھی اور میں نے ان سے ریاست میں 3500 کروڑ روپے سرمایہ کاری کی پیشکش کی تھی۔
اس وعدے کو نبھاتے ہوئے پہلے مرحلہ میں 500 کروڑ کے مصارف سے لولو مال کا قیام عمل میں لایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس مال میں حیدرآباد کی سب سے بڑی ہائی پر مارکٹ،80 تا90 فیصد بین الاقوامی برانڈس اور75 سے زیادہ ہندوستانی برانڈس کے اسٹورس،1400 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش کے پانچ سینما اسکرین،5ملٹی فوڈ کورٹس،75,000 مربع فٹ پر بچوں اور بڑوں کیلئے تفریح کا سامان رکھا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس مال میں 2000 سے زیادہ افراد کو روزگار کے موقع حاصل ہوں گے۔ مال کو آج سہ پہر تین بجے سے عوام کیلئے کھول دیا گیا۔ ایم اے یوسف نے کہا کہ گروپ، تلنگانہ میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کا عمل جاری رکھے گا اور حکومت سے گروپ کی سرگرمیوں کو مزید وسعت دینے کیلئے تعاون کرنے کا مشورہ دیا۔
اس موقع پر رکن اسمبلی کرشنا راؤ، رکن کونسل محمد سلیم، الطاف احمد، اشرف علی، وائی آنند، ایم اے نشاد، وی نند کمار، شیو فلیس، عبدالقادر و دیگر موجود تھے۔