ہندوستان اورامریکہ مل کر دنیا کو بہتر مستقبل دیں گے: وزیراعظم مودی
مودی نے کہا کہ ان کے لئے اس عظیم ایوان سے دوسری بار خطاب کرنا فخر کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی کانگریس سے خطاب کرنا ہمیشہ ایک بڑا اعزاز ہوتا ہے اور دو مرتبہ ایسا کرنا ان کے لیے بہت بڑا اعزاز ہے۔

واشنگٹن: وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ دنیا کی دو سب سے بڑی جمہوریت ہونے کے ناطے ہندوستان اور امریکہ کے درمیان شراکت داری دنیا کے مفاد میں ہے اور دونوں ملک مل کر دنیا کو ایک بہتر مستقبل اور مستقبل کوبہتر دنیا دیں گے۔
جمعرات کو امریکی کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹرمودی نے کہا کہ ان کے لئے اس عظیم ایوان سے دوسری بار خطاب کرنا فخر کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی کانگریس سے خطاب کرنا ہمیشہ ایک بڑا اعزاز ہوتا ہے اور دو مرتبہ ایسا کرنا ان کے لیے بہت بڑا اعزاز ہے۔
وزیراعظم نے کہا ’’جمہوریت ہماری مقدس اور مشترکہ اقدار میں سے ایک ہے۔ جمہوریت وہ جذبہ ہے جو مساوات اور احترام کی حمایت کرتا ہے۔ جمہوریت ایک ایسا نظریہ ہے جو بحث و مباحثہ کا خیر مقدم کرتا ہے۔ جمہوریت ایک ایسا کلچر ہے جو سوچ اور اظہار کو پنکھ دیتا ہے۔
ہندوستان کو قدیم زمانے سے ہی ایسی قدروں سے نوازا گیا ہے۔ ہندوستان جمہوری جذبے کی ترقی میں جمہوریت کی ماں ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ سب سے پرانا ہے اور ہندوستان سب سے بڑی جمہوریت ہے۔ ہماری شراکت داری جمہوریت کے مستقبل کے لیے اچھی علامت ہے۔ ہم مل کر دنیا کو ایک بہتر مستقبل اور مستقبل کو ایک بہتر دنیا دیں گے۔
مودی نے کہا کہ جب سات سال پہلے انہوں نے وزیر اعظم کے طور پر پہلی بار امریکہ کا دورہ کیا توہندوستان دنیا کی 10ویں سب سے بڑی معیشت تھا۔ آج ہندوستان پانچویں سب سے بڑی معیشت ہے اور جلد ہی تیسری بڑی معیشت ہوگا۔ جب ہندوستان ترقی کرتا ہے تو پوری دنیا ترقی کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور امریکہ پرانے زمانے کی جھجک اور ہچکچاہٹ کو چھوڑ کر دوستی کی کسوٹی پر کھرے اترے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سات سال پہلے جب میں یہاں آیا تھا تب سے امریکہ میں بہت کچھ بدل گیا ہے، لیکن بہت کچھ ویسا ہی رہ گیا ہے –
جیسے کہ ہندوستان اور امریکہ کے درمیان دوستی کو گہرا کرنے کا ہمارا عزم۔ گزشتہ چند برسوں میں مصنوعی ذہانت کے دور میں امریکہ اور ہندوستان میں مزید ترقی دیکھی گئی ہے۔