محرم الحرام 2026 کے انتظامات پر بی جے پی وفد کی کمشنر پولیس حیدرآباد سے ملاقات
ملاقات کے دوران محرم الحرام کے انتظامات سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ وفد نے جلوس ہائے عزا کے پرامن انعقاد، سیکیورٹی کے مؤثر انتظامات، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور عزاداران کو بنیادی سہولیات کی فراہمی جیسے اہم نکات پر پولیس حکام سے گفتگو کی۔
حیدرآباد: محرم الحرام 2026 کے انتظامات کے سلسلے میں بھارت کے مرکزی وزیر برائے کوئلہ و کانکنی جی کشن ریڈی کی جانب سے جاری کردہ سفارشی مکتوب کے تحت بی جے پی تلنگانہ کے سابق ریاستی ترجمان میر فراست علی باقری نے بشیرباغ میں کمشنر پولیس حیدرآباد وی سی سجانار سے ملاقات کی۔
اس موقع پر نویں نظامِ حیدرآباد کی آصف جاہی سلطنت کے نمائندے رونق یار خاں اور بی جے پی کی سینئر رہنما الکا منوج گریس بھی موجود تھیں۔
ملاقات کے دوران محرم الحرام کے انتظامات سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ وفد نے جلوس ہائے عزا کے پرامن انعقاد، سیکیورٹی کے مؤثر انتظامات، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور عزاداران کو بنیادی سہولیات کی فراہمی جیسے اہم نکات پر پولیس حکام سے گفتگو کی۔
اس موقع پر اس بات پر زور دیا گیا کہ محرم الحرام کے تمام مذہبی مراسم کو باہمی ہم آہنگی، امن و امان اور باوقار ماحول میں منعقد کرنے کے لیے پولیس اور متعلقہ ادارے مکمل تعاون کے ساتھ ضروری اقدامات کریں تاکہ عزاداران کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔