نئی دہلی: برطانوی دوا ساز کمپنی AstraZeneca نے اعتراف کیا ہے کہ اس کی کووِڈ ویکسین کووی شیلڈ CoviShield ضمنی اثرات کا باعث بن سکتی ہے۔ دی ٹیلی گراف (یو کے) نے اپنی رپورٹ میں یہ بات بتائی۔
ویکسین بنانے والی کمپنی نے عدالتی دستاویزات میں کہا ہے کہ Covishield غیر معمولی کیسس میں ایک ایسی حالت کا سبب بن سکتی ہے جس کی وجہ سے جسم میں نہ صرف خون جم سکتا ہے بلکہ پلیٹ لیٹس کی تعداد میں بھی کمی آسکتی ہے۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وبائی بیماری کوویڈ کے لئے Covishield نامی ویکسین AstraZeneca نامی کمپنی اور Oxford University نے مل کر تیار کیا تھا جبکہ اسی ویکسین کی ہندوستان میں تیاری کے لئے سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا کو اس کی اجازت دی گئی تھی جس نے بڑے پیمانے پر ملک میں اس کی فروخت عمل میں لائی تھی۔
اب یہ بات سامنے آنے کے بعد کہ ویکسین کئی لوگوں کی اموات کا باعث بنی ہے، AstraZeneca نامی کمپنی کو برطانیہ میں مقدمے کا سامنا ہے۔ برطانیہ کی ہائی کورٹ میں 51 مقدمات کے متاثرین 100 ملین پاؤنڈ تک ہرجانے کی درخواست کر رہے ہیں۔
برطانیہ کی حکومت، جس نے AstraZeneca کو قانونی کارروائی سے محفوظ کر دیا تھا، ابھی تک اس معاملے میں مداخلت نہیں کی ہے۔
اس کیس کے پہلے شکایت کنندہ جیمی اسکاٹ نے الزام لگایا کہ اسے اپریل 2021 میں ویکسین لگائی گئی تھی جس کی وجہ اس کے دماغ میں خون جمنے کے بعد مستقل طور پر ایک چوٹ آگئی۔ اس کی وجہ سے وہ کام کرنے کے قابل نہیں رہا اور ڈاکٹرس نے اس کی بیوی بتایا ہے کہ وہ مرنے والا ہے۔ جیمی اسکاٹ نے عدالت میں یہ بات بتائی۔
آسٹرا زنیکا نے ان دعوؤں کی نفی کی ہے تاہم فروری میں عدالتی دستاویزات میں سے ایک میں اس نے اعتراف کیا کہ Covishield ’’انتہائی غیر معمولی معاملات میں، TTS کا سبب بن سکتی ہے‘‘۔ اخباری رپوٹ میں یہ بات بتائی گئی ہے۔
TTS یعنی (تھرومبوسس وتھ تھرومبوسائٹوپینیا سنڈروم) انسانوں میں خون کے جمنے اور خون کے پلیٹ لیٹس کی تعداد میں کمی کا سبب بنتا ہے۔
یہ تسلیم کیا گیا کہ ویکسین بہت کم صورتوں میں ٹی ٹی ایس کا سبب بن سکتی ہے۔ ایسا کیوں ہوتا ہے، اس کا ہنوز پتہ نہیں چل سکا ہے۔ تاہم ویکسین لئے بغیر بھی انسانوں میں ٹی ٹی ایس ہوسکتا ہے۔ یا پھر کسی دوسری ویکسین کی وجہ سے بھی ٹی ٹی ایس ہوسکتا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ AstraZeneca نے جیمی اسکاٹ کے دعوے کے دفاع میں اعتراف کیا جس سے متاثرین اور لواحقین کو معاوضہ کی ادائیگی کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔