فلسطین کے حق میں پرامن مظاہرہ، اسرائیلی فوج نے امریکی خاتون کو سر میں گولی ماردی
فلسطینی خبر رساں ایجنسی وفا کے مطابق یہ کارکن فلسطینی کسانوں کے تحفظ کی مہم کے تحت انٹرنیشنل سالیڈیرٹی موومنٹ (ISM) کے ساتھ رضاکارانہ طور پر کام کر رہی تھی۔
رملہ: مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں ترک نژاد امریکی کارکن ہلاک ہو گیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فورسز نے ایک ترک نژاد امریکی خاتون کارکن کو اس کے سر میں گولی مار کر ہلاک کر دیا ہے۔
ذرائع نے الجزیرہ کو بتایا کہ مقتولہ کی شناخت آیسنور ایزگی ایگی کے نام سے ہوئی ہے جس کی عمر 26 سال تھی اور وہ منگل کو پہنچی تھی۔ یہ واقعہ مغربی کنارے میں نابلس کے قریب بیتا قصبے میں اینٹی سیٹلمنٹ مارچ کے دوران پیش آیا۔
فلسطینی خبر رساں ایجنسی وفا کے مطابق یہ کارکن فلسطینی کسانوں کے تحفظ کی مہم کے تحت انٹرنیشنل سالیڈیرٹی موومنٹ (ISM) کے ساتھ رضاکارانہ طور پر کام کر رہی تھی۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے ایک ای میل بیان میں صحافیوں کو بتایا کہ ہم آج مغربی کنارے میں ایک امریکی شہری آیسنور ایگی کی المناک موت سے آگاہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم فوری طور پر ان کی موت کے حالات کے بارے میں مزید معلومات اکٹھا کر رہے ہیں، امریکی شہریوں کی حفاظت اور سلامتی سے زیادہ ہماری کوئی ترجیح نہیں ہے۔