حیدرآباد

ایم ایل اے خریدی کیس: ہائیکورٹ میں ملزمین کی ضمانت منظور

ہائیکورٹ نے ملزم کو تین لاکھ روپے کے شخصی مچلکہ کے ساتھ دو ضمانتیں جمع کرانے کا حکم دیا۔ ہائی کورٹ نے واضح کیا ہے کہ ملزمین کو ہر پیر کو پولیس کے سامنے پیش ہونا ہوگا۔

حیدرآباد: تلنگانہ میں سنسنی پھیلانے والے ٹی آرایس کے ارکان اسمبلی کی خریداری کی کوشش کے معاملہ میں تلنگانہ ہائی کورٹ نے تین ملزمین کی ضمانت منظور کردی۔عدالت نے اس معاملے کے ملزمین رام چندر بھارتی، سمہا یاجی اور نند کمار کی مشروط ضمانت منظور کردی۔

 ہائیکورٹ نے ملزم کو تین لاکھ روپے کے شخصی مچلکہ کے ساتھ دو ضمانتیں جمع کرانے کا حکم دیا۔ ہائی کورٹ نے واضح کیا ہے کہ ملزمین کو ہر پیر کو پولیس کے سامنے پیش ہونا ہوگا۔

عدالت نے ہدایت دی کہ تمام ملزمین کو اپنے پاسپورٹ ایس آئی ٹی حکام کے حوالے کرنے ہوں گے اور گواہوں پر اثر اندازہونے کی کوشش نہیں کرنی ہوگی۔یہ تینوں ملزمین 33 دنوں سے چنچل گوڑہ جیل میں محروس ہیں۔

ان ملزمین نے عدالت میں ضمانت کی درخواست داخل کی تھی۔اس کی مخالفت کرتے ہوئے سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اگر ملزمین کی ضمانت ہو جاتی ہے تو شواہد سے چھیڑ چھاڑ کا امکان ہے۔ جج نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد تینوں ملزمین کی ضمانت منظور کر لی۔