کیرالہ پولیس نے شراب پی کر گاڑی چلانے والے 2,936 لوگوں پر کیس درج کیا، 662 لائسنس معطل ہو سکتے ہیں
کیرالہ پولیس کے ٹریفک اور روڈ سیفٹی مینجمنٹ یونٹ کی جانب سے 8 سے 13 جولائی تک چلائی گئی "ڈرائیو سوبر – اسٹے الائیو" مہم کے تحت حکام نے شراب پی کر گاڑی چلانے والوں کا پتہ لگانے اور اس کے خطرناک نتائج کے بارے میں بیداری پھیلانے کے لیے ریاست بھر میں 67,979 گاڑیوں کی جانچ کی۔
تھرواننت پورم: کیرالہ پولیس نے ریاست بھر میں چھ دن تک چلائی گئی ایک خصوصی مہم کے دوران شراب پی کر گاڑی چلانے والے 2,936 ڈرائیوروں کے خلاف معاملہ درج کیا ہے اور 662 ڈرائیونگ لائسنس معطل کرنے کی سفارش کی ہے۔
کیرالہ پولیس کے ٹریفک اور روڈ سیفٹی مینجمنٹ یونٹ کی جانب سے 8 سے 13 جولائی تک چلائی گئی "ڈرائیو سوبر – اسٹے الائیو” مہم کے تحت حکام نے شراب پی کر گاڑی چلانے والوں کا پتہ لگانے اور اس کے خطرناک نتائج کے بارے میں بیداری پھیلانے کے لیے ریاست بھر میں 67,979 گاڑیوں کی جانچ کی۔
پولیس نے کہا کہ شراب پی کر گاڑی چلانا سڑک حادثات اور اموات کی ایک بڑی وجہ ہے، جس سے نہ صرف قانون توڑنے والے بلکہ مسافر اور سڑک کا استعمال کرنے والے دیگر لوگ بھی خطرے میں پڑتے ہیں۔ اس خطرناک عادت کو روکنے کے لیے مہم میں سختی اور عوامی بیداری دونوں کا سہارا لیا گیا۔
اس خصوصی مہم کے بعد، ہائی وے پٹرولنگ یونٹ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سخت جانچ جاری رکھیں اور بار بار قانون توڑنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کریں۔ یہ مہم ٹریفک اور روڈ سیفٹی مینجمنٹ کے انسپکٹر جنرل (آئی جی) کی ہدایت پر چلائی گئی، جس میں ٹریفک زون کے علاقائی سپرنٹنڈنٹ اور پولیس سپرنٹنڈنٹ نے مہم کی نگرانی کی اور ضلع ٹریفک نوڈل افسران اور ٹریفک انفورسمنٹ یونٹوں نے پوری ریاست میں کارروائی کا تال میل برقرار رکھا۔
کیرالہ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ "شبھ یاترا” روڈ سیفٹی پہل کے ذریعے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی رپورٹ کریں۔ اس کے لیے وہ 9747001099 پر واٹس ایپ کے ذریعے فوٹو، آڈیو یا ویڈیو ثبوت بھیج سکتے ہیں، ساتھ ہی ضلع، جگہ، تاریخ، وقت اور گاڑی کا رجسٹریشن نمبر جیسی معلومات بھی فراہم کریں۔