تلنگانہ کے عازمین کیلئے بہتر انتظامات کرنے خسرو پاشاہ کا عزم
خسرو پاشا نے کہا کہ ریاست سے اب تک2492 افراد کے نام ویٹنگ لسٹ میں ہیں اور توقع ہے کہ مزید ناموں کو منظوری حاصل ہوگی۔ صدر نشین حج کمیٹی نے منتخب عازمین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ 21 / اکتوبر سے قبل 130300 روپے بطور اڈوانس ادا کریں۔
حیدرآباد: صدر نشین تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی سید شاہ افضل بیابانی المعروف خسرو پاشا نے کہا کہ تلنگانہ کے عازمین حج کیلئے ارض مقدس میں نقائص سے پاک بہترین انتظامات کے جاینگے۔
آج دفتر حج کمیٹی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تلنگانہ سے حج کو روانگی کیلئے جملہ 9011 درخوستیں موصول ہوئی تھیں جبکہ تلنگانہ کیلئے سنٹرل حج کمیٹی کی جانب سے مقرر کوٹہ 3155 ہے۔
اس بار سنٹرل حج کمیٹی نے تلنگانہ کیلئے اضافی 3364 کا کوٹہ مختص کیا ہے جس کے بعد تلنگانہ کیلئے مختص کردہ کوٹہ 6519 ہو گیا ہے.انہوں نے کہا جملہ 456 عازمین (65 سال سے زیادہ عمر والے) کو خصوصی زمرے میں انتخاب کیا گیا جبکہ 65 سال سے زیادہ عمر والی بغیر غیر محرم کے حج پر جانے کیلئے 4 خواتین منتخب ہوئی ہیں اور 45 سال سے زیادہ عمر والی بغیر غیر محرم حج پر جانے کیلئے 39 خواتین کو منتخب کیا گیا ہے۔
خسرو پاشا نے کہا کہ ریاست سے اب تک2492 افراد کے نام ویٹنگ لسٹ میں ہیں اور توقع ہے کہ مزید ناموں کو منظوری حاصل ہوگی۔ صدر نشین حج کمیٹی نے منتخب عازمین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ 21 / اکتوبر سے قبل 130300 روپے بطور اڈوانس ادا کریں۔عازمین کو http:// hajcomittee.gov.in اور HAJSUVIDHA ایپ۔کریڈٹ کارڈ ڈیبٹ کارڈ نٹ بنکنگ اور یو پی آئی کے ذریعہ رقم ادا کی جا سکتی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پیشگی رقم ادا کرنے میں ناکامی کی صورت میں مقدس سفر پر روانہ ہونے سے محروم بھی ہوناپڑ سکتا ہے۔پیشگی رقم کے ساتھ منتخب عازمین کو میڈیکل سرٹیفکیٹ،پاس پورٹ کی زیراکس کاپی بھی منسلک کرنا لازمی ہوگا۔
خسرو پاشا نے کہا حج ایک سخت عبادت ہے جس کی ادائیگی سے قبل عازمین کو جسمانی اور روحانی طور پر مکمل تیاری کرنا ضروری ہوتا ہے انہوں نے منتخب عازمین کو روزانہ جسمانی کسرت کرنے صحت کا خیال کرنے اور ابھی سے نمازوں کی پابندی نیز ذکر و افکار کو اپنی روز مرہ کی مصروفیت بنا لینے کا مشورہ دیا۔
انہوں نے کہا ریاستی حج کمیٹی ارض مقدس میں تلنگانہ کے عازمین کو بہترین سہولتوں کی فراہمی کے لیے مسلسل سنٹرل حج کمیٹی سے رابطہ بناے ہوئے ہے۔انہوں نے توقع ظاہر کی کہ اس بار عازمین کے پہلے قافلہ کو چیف منسٹر سبز پرچم دکھا کر روانہ کریں گے۔