مشرق وسطیٰ

اسرائیلی حملے میں لبنانی فوجی زخمی، جنوبی لبنان میں کشیدگی برقرار

اسرائیلی فوج روزانہ کی بنیاد پر جنوبی لبنان کے مختلف دیہات اور قصبوں کیلئے انخلا کے انتباہات جاری کر رہی ہے، جبکہ ان وارننگز کا دائرہ سرحدی علاقوں سے آگے بڑھ کر دور دراز علاقوں تک پھیل چکا ہے۔

بیروت: حزب اللہ کے ساتھ جاری جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں اپنے حملے جاری رکھے ہوئے ہیں، جبکہ لبنانی فوج نے کہا ہے کہ اسرائیلی حملے میں اس کا ایک اہلکار زخمی ہو گیا۔

متعلقہ خبریں
لبنان میں نقل مقام کرنے والوں کے لئے 867مراکز کا قیام
جنگ بندی یا محض دکھاوا، غزہ، لبنان اور ایران میں حملے جاری
اسرائیلی حملہ میں لبنان میں 20 اور شمالی غزہ میں 17 جاں بحق
اسرائیل میں یرغمالیوں کی رہائی کیلئے 7 لاکھ افراد کا احتجاجی مظاہرہ
عالمی برادری، اسرائیلی جارحیت کے خاتمہ کے لیے ٹھوس اقدامات کرے: رابطہ عالم اسلامی


لبنانی فوج نے اپنے بیان میں کہا کہ النبطیہ شہر میں واقع فوجی بیرک کو اسرائیلی حملے کا نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں ایک فوجی درمیانے درجے کا زخمی ہوا۔


دوسری جانب اسرائیلی فوج نے ہفتے کے روز جنوبی لبنان کے 10 دیہات اور قصبوں کو خالی کرنے کیلئے نیا انتباہ جاری کیا۔


اسرائیلی فوج کے ترجمان نے ’’ایکس‘‘ پر جاری بیان میں النبطیہ التحتا، کفر تبنیت، زبدین، عربصالیم، کفررمان، جبوش، بلاط، دیر کیفا، حاروف اور جبشیت کے رہائشیوں کو فوری انخلا کا حکم دیا۔


بیان میں کہا گیا کہ ان علاقوں میں حزب اللہ کے عناصر، تنصیبات اور جنگی سازوسامان موجود ہیں، جبکہ ان مقامات کے قریب موجود افراد اپنی جان کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔


رپورٹس کے مطابق ان میں سے بعض علاقے دریائے لیطانی کے شمال میں واقع ہیں۔


اسرائیلی فوج روزانہ کی بنیاد پر جنوبی لبنان کے مختلف دیہات اور قصبوں کیلئے انخلا کے انتباہات جاری کر رہی ہے، جبکہ ان وارننگز کا دائرہ سرحدی علاقوں سے آگے بڑھ کر دور دراز علاقوں تک پھیل چکا ہے۔


یہ وہ علاقے ہیں جہاں مقامی آبادی کے ساتھ دیگر علاقوں سے بے گھر ہونے والے افراد بھی مقیم ہیں۔


یاد رہے کہ 15 مئی سے نافذ جنگ بندی میں مزید 45 دن کی توسیع کی جا چکی ہے، تاہم اس کے باوجود اسرائیل لبنان میں مسلسل حملے کر رہا ہے۔


اسرائیل کا کہنا ہے کہ وہ حزب اللہ اور اس کے عناصر کو نشانہ بنا رہا ہے، جبکہ سرحدی علاقوں میں دھماکوں اور تباہی کی کارروائیاں بھی جاری ہیں۔


دوسری طرف حزب اللہ جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوجیوں پر حملے اور شمالی اسرائیل کی جانب ڈرون کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔