دہلی

مسالخ، گوشت اور مچھلی کی دکانات 22جنوری کو بند رکھنے کی اپیل

دہلی میٹ مرچنٹ اسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری ارشاد قریشی نے دہلی میں گوشت اور مچھلی فروخت کرنے والے تمام تاجرین سے اپیل کی ہے کہ وہ 22 جنوری کو ایودھیا میں رام مندر کے افتتاح کی تقریب کا لحاظ کرتے ہوئے اپنی دکانات بند رکھیں۔

نئی دہلی: دہلی میٹ مرچنٹ اسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری ارشاد قریشی نے دہلی میں گوشت اور مچھلی فروخت کرنے والے تمام تاجرین سے اپیل کی ہے کہ وہ 22 جنوری کو ایودھیا میں رام مندر کے افتتاح کی تقریب کا لحاظ کرتے ہوئے اپنی دکانات بند رکھیں۔

قریشی نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ اس اپیل کا مقصد دونوں برادریوں کے درمیان اتحاد اور ہم آہنگی کو فروغ دینا اور لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لانا ہے۔

انھوں نے کہا کہ دہلی میں تمام مسالخ (سلاٹر ہاؤزس) کے علاوہ گوشت اور مچھلی فروخت کرنے والی تمام دکانات کے مالکین سے کہا گیا ہے کہ وہ مذکورہ دن اپنے کاروبار بند رکھیں اور ایودھیا میں پران پرتشٹھا تقریب کے لیے عوام کی جذبات کا احترام کریں۔

دہلی کے کناٹ پلیس میں کئی ریسٹورنٹس نے بھی اعلان کیا ہے کہ وہ 22 جنوری کو صارفین کو نان ویج غذا فروخت نہیں کریں گے۔

نئی دہلی ٹریڈرس اسوسی ایشن کے جوائنٹ سکریٹری امیت گپتا نے بتایا کہ کناٹ پلیس کی کئی ریسٹورنٹس نے عہد کیا ہے کہ وہ ایودھیا میں پران تشٹھا تقریب کے دن ویجیٹیرین غذا سربراہ کریں گے۔