حیدرآباد

درگاہ حضرات یوسفینؒ میں سید الشہداء حضرت امیر حمزہؓ کی عظمت پر مولانا محمد عبدالحمید رحمانی کا خطاب

مولانا نے بتایا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت امیر حمزہؓ کو “اسد اللہ و اسد الرسول” کے لقب سے نوازا، اور آپؐ کو ان کی شہادت کا بے حد صدمہ ہوا۔ یہاں تک کہ مدینہ کی خواتین نے دیگر شہداء کے ساتھ حضرت حمزہؓ کی شہادت پر بھی گریہ و زاری کی۔

حیدرآباد: درگاہ حضرات یوسفین رحمۃ اللہ علیہ میں ایک روحانی و اصلاحی اجتماع کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں سید الشہداء حضرت امیر حمزہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی عظمت، قربانیوں اور اسلام کے لیے ان کی بے مثال خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مولانا محمد عبدالحمید رحمانی چشتی، صدر کل ہند تنظیم اصلاح معاشرہ نے کہا کہ حضرت امیر حمزہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ، رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو بے حد عزیز تھے اور اسلام کی سربلندی کے لیے آپ کی قربانیاں تاریخ کا روشن باب ہیں۔ انہوں نے واقعۂ احد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسی جنگ میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو شدید صدمات کا سامنا کرنا پڑا اور سید الشہداء حضرت حمزہؓ نے عظیم شہادت حاصل کی، جسے تاریخ اسلام کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔

مولانا نے بتایا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت امیر حمزہؓ کو “اسد اللہ و اسد الرسول” کے لقب سے نوازا، اور آپؐ کو ان کی شہادت کا بے حد صدمہ ہوا۔ یہاں تک کہ مدینہ کی خواتین نے دیگر شہداء کے ساتھ حضرت حمزہؓ کی شہادت پر بھی گریہ و زاری کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم ہر سال شہدائے احد کی یاد میں ان کے مزار پر تشریف لے جاتے اور ان کی عظمت بیان فرماتے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نئی نسل کو ان عظیم قربانیوں سے سبق حاصل کرتے ہوئے اپنے اندر ایمانی جذبہ پیدا کرنا چاہیے۔

مولانا عبدالحمید رحمانی چشتی نے کہا کہ موجودہ دور میں اسلام کی حقانیت کو سمجھنے کے لیے ضروری ہے کہ ہم شہدائے احد کی یاد کو زندہ رکھیں اور ان کے واقعات کو اپنے گھروں اور محافل میں بیان کریں۔ انہوں نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین شہدائے احد کے مزارات پر جایا کرتے تھے، جو ہمیں ان بزرگ ہستیوں کے مقام و مرتبہ کا درس دیتا ہے۔

اس موقع پر مولانا سید عبداللہ حسینی بخاری چشتی المعروف احمد پاشا چشتی، سجادہ نشین درگاہ حضرت عبدالرحمن دہلوی رحمۃ اللہ علیہ نے بھی خطاب کیا اور حضرات یوسفین رحمۃ اللہ علیہ کے فضائل و مناقب بیان کیے۔

تقریب کے اختتام پر ملک و ملت کی سلامتی، اتحاد اور ترقی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔