یادادری تھرمل پروجیکٹ کا موں میں سرعت پیدا کریں :بھٹی وکرامارکہ
بھٹی وکرامارکہ نے کہا کہ اس پروجیکٹ کو جلد مکمل کرنے کے لئے ریاستی حکومت کی طرف سے مکمل تعاون کیا جائے گا۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ پروجیکٹ کے کاموں سے متعلق غفلت اور حکومت مخالف سرگرمیوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

حیدرآباد: ڈپٹی چیف منسٹر ملو بھٹی وکرامارکہ نے عہدیداروں کو یادادری تھرمل پاور پروجیکٹ کے کاموں میں تیزی لانے کا حکم دیا ہے۔ ریاستی وزراء کی ایک ٹیم نے آج پاور پلانٹ کا دورہ کیاجس میں بھٹی وکرمارکہ کے علاوہ وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی آر اینڈ بی کے وزیر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی بھی شامل تھے۔
اس دورے میں سید علی مرتضیٰ رضوی، کلکٹر ہری چندنا اور ایس پی چندنا دیپتی بھی موجود تھیں۔ وزرا کی ٹیم نے پلانٹ میں جاری کاموں کا معائنہ کیا۔ عہدیداروں سے تفصیلات حاصل کیں۔ اس کے بعد میں اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ پروجیکٹ کے کاموں کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بھٹی وکرامارکہ نے عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ وہ زیر التواء پروجیکٹس کی عاجلانہ تکمیل پر توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ اس پروجیکٹ کو جلد مکمل کرنے کے لئے ریاستی حکومت کی طرف سے مکمل تعاون کیا جائے گا۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ پروجیکٹ کے کاموں سے متعلق غفلت اور حکومت مخالف سرگرمیوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔