حیدرآباد: بی آرایس کے پوسٹرس نکال دینے پر کشیدگی
تفصیلات کے مطابق ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (ڈی آر ایف) کے ملازمین نے بی آر ایس پارٹی کی سلور جوبلی تقاریب کے سلسلہ میں لگائے گئے پوسٹرس اور فلیکسی بورڈس کو رات گئے ہٹا دیا۔

حیدرآباد: شہرحیدرآباد کے نواحی علاقہ قطب اللہ پور میں بی آر ایس پارٹی کے پوسٹرس ہٹانے پر ہلکی کشیدگی دیکھی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (ڈی آر ایف) کے ملازمین نے بی آر ایس پارٹی کی سلور جوبلی تقاریب کے سلسلہ میں لگائے گئے پوسٹرس اور فلیکسی بورڈس کو رات گئے ہٹا دیا۔
مقامی بی آر ایس لیڈروں نے جب ڈی آر ایف ملازمین کو نصف شب کے قریب جلد بازی میں پوسٹرس ہٹاتے ہوئے دیکھا تو ان سے بازپرس کی تاہم، ڈی آر ایف ملازمین کوئی تسلی بخش جواب نہ دے سکے اور محض یہ کہہ کر ٹال دیا کہ وہ اعلیٰ عہدیداروں کی ہدایات پر عمل کر رہے ہیں۔
بی آر ایس کارکنوں نے کہا کہ پروگرام 27 اپریل کو منعقد ہونے والا ہے، اس لئے پوسٹرس نہ ہٹائے جائیں لیکن ان کی درخواست کو نظر انداز کر دیا گیا۔
بی آر ایس لیڈروں نے الزام لگایا کہ ڈی آر ایف کی ٹیمیں جانبداری سے کام کر رہی ہیں اور سلور جوبلی تقاریب سے قبل صرف بی آر ایس پارٹی کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
صورتحال اس وقت مزید بگڑ گئی جب بڑی تعداد میں بی آر ایس کارکنان وہاں جمع ہونے لگے۔ اس دوران، ڈی آر ایف ملازمین وہاں سے چلے گئے لیکن جلد بازی میں ان کی گاڑی قطب اللہ پور روڈ پر ایک کار سے ٹکرا گئی۔