جرنلسٹس پر حملوں میں ملوث عناصر کو گرفتار کرنے نائیڈو کا مطالبہ
نائیڈو نے ڈی جی پی سے خواہش کی کہ وہ مجرمین کو گرفتار کرتے ہوئے انہیں سخت سزا دلائیں اور ان حملوں کے پس پردہ گھناونی سازش میں ملوث افراد کو بھی بے نقاب کریں۔
امراوتی: ٹی ڈی پی کے سپریمو این چندرا بابو نائیڈو نے آندھرا پردیش کے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس کے وی راجندر ناتھ ریڈی کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے ان سے خواہش کی کہ وہ اُن افراد کو استقدامی اثر کے ساتھ گرفتار کریں جو حالیہ دنوں ایک اخبار کے دفتر اور چند صحافیوں پر مبینہ حملوں میں ملوث ہیں۔
صحافیوں پر حملوں کے حالیہ واقعات کا حوالہ دییت ہوئے سابق چیف منسٹر نے الزام عائد کیا کہ وائی ایس آر سی پی نے میڈیا کے خلاف حملوں کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ نائیڈو نے ڈی جی پی سے خوہش کی کہ وہ مجرمین کو گرفتار کرتے ہوئے انہیں سخت سزا دلائیں اور ان حملوں کے پس پردہ گھناونی سازش میں ملوث افراد کو بھی بے نقاب کریں۔
چہارشنبہ کے روز ڈی جی پی کو ایصال کردہ اپنے مکتوب میں نائیڈو نے کہا کہ 14فروری کو امراوتی منڈل میں نیوز ٹوڈے کے ایک کنٹری بیوٹر پر میشور پر حملہ کیا گیا۔ریت مافیا جن کی مبینہ طور پر حکمراں جماعت کے قائدین سرپرستی کرتے ہیں، کو بے نقاب کرنے پر یہ حملہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ آندھرا جیوتی کے فوٹو گرافر سری کرشنا پر بہیمانہ حملہ کیا گیا۔ وائی ایس آر سی پی کے رابتا ڈوسدھم پروگرام کے دوران ہجوم نے یہ حملہ کیا منگل کے روز کرنول میں ایناڈو کے دفتر پر بھی حملہ کیا گیا۔