کرناٹک

لمپی بیماری انسانوں میں نہیں پھیلے گی: بومئی

بومئی نے وزیر افزائش مویشیان پربھو چوان اور اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ایک میٹنگ کی صدارت کی تاکہ اس جلدی بیماری کے پھیلاؤ کا جائزہ لیا جاسکے۔

بنگلورو: چیف منسٹر کرناٹک بسواراج بومئی نے کہا کہ کرناٹک میں 45,645 مویشیوں کو متاثر کرنے والی لمپی جلدی بیماری انسانوں میں نہیں پھیلتی ہے۔

بومئی نے وزیر افزائش مویشیان پربھو چوان اور اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ایک میٹنگ کی صدارت کی تاکہ اس جلدی بیماری کے پھیلاؤ کا جائزہ لیا جاسکے۔

انھوں نے اس متعدی بیماری سے لڑنے 13 کروڑ روپئے جاری کرنے کا حکم دیا ہے۔ یہ بیماری 28 اضلاع کے 160 تعلقوں کے 4,380 گاؤں میں پھیلی ہوئی ہے۔

متاثرہ 45,645 مویشیوں میں سے 26,135 صحت یاب ہو چکے ہیں۔ بومئی نے واضح کیا کہ متاثرہ گائیوں کا دودھ پینے سے جلد کی یہ بیماری لوگوں میں نہیں پھیلے گی۔ اس بارے میں شعور بیداری کو بڑے پیمانے پر کیا جانا چاہئے۔

ہاویری اور کولار کے بری طرح سے متاثرہ اضلاع میں اس بیماری کو روکنے اقدامات کئے جانے چاہئیں۔ احتیاطی اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ یہ دوسرے اضلاع میں نہ پھیلے۔