حیدرآباد

بھارت جوڑو یاترا کا تلنگانہ پر کوئی اثر نہیں ہوگا: شرمیلا

شرمیلا نے آئندہ اسمبلی انتخابات میں حلقہ پالیرو سے انتخاب لڑنے کا اعلان کیا اور کہا کہ جاری پدیاترا کے اختتام کے بعد وہ پالیرو حلقہ پر توجہ مرکوز کریں گی۔ انہوں نے واضح کردیا کہ ان کی پارٹی، اسمبلی کے تمام حلقوں پر مقابلہ کرے گی۔

حیدرآباد: وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی کی سربراہ وائی ایس شرمیلا نے کہا کہ کانگریس قائد راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کا تلنگانہ میں کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ راہول گاندھی پر عوام کا اعتماد کمزور ہوچکا ہے۔

آج یہاں میڈیا کے نمائندں سے غیر رسمی بات چیت کے دوران شرمیلا نے دعویٰ کیا کہ وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی، اپنی تشکیل کے ایک سال کے اندر، ریاست میں مقبول ہوچکی ہے جو ایک اچھی علامت ہے۔

 انہوں نے آئندہ اسمبلی انتخابات میں حلقہ پالیرو سے انتخاب لڑنے کا اعلان کیا اور کہا کہ جاری پدیاترا کے اختتام کے بعد وہ پالیرو حلقہ پر توجہ مرکوز کریں گی۔ انہوں نے واضح کردیا کہ ان کی پارٹی، اسمبلی کے تمام حلقوں پر مقابلہ کرے گی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ وہ جگا ریڈی کے خلاف پاسپورٹ کیس سے لا علم ہیں۔ ایک دوسرے سوال کا جواب دیتے ہوئے شرمیلا نے پیش قیاسی کی کہ حلقہ منگوڈ سے ٹی آر ایس کو کامیابی ملے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ کے چندر شیکھرراؤ ان کے اہم حریف رہیں گے۔ کومٹ ریڈی برادرس کے بارے میں انہوں نے کہا کہ یہ دونوں بھائی کوورٹ برادرس(مخبر بھائی) ہیں۔