تلنگانہ میں 42لاکھ سے زائد استفادہ کنند گان کو500 روپے میں گیس سلنڈر کی سربراہی
سلنڈر کی مالیت 855روپے ہے ماباقی رقم355 روپے گیس کنکشن رکھنے والے استفادہ کنندگان کے اکاونٹ میں جمع کی جارہی ہے۔ اتم کمار ریڈی آج کونسل میں وقفہ سوالات کے دوران سوال کا جواب دے رہے تھے۔
حیدرآباد: ریاستی وزیر آبپاشی وسیول سپلائز اتم کمار ریڈی نے کہا کہ مہا لکشمی ایل پی جی سبسیڈی اسکیم سے استفادہ کیلئے پرجا پالنا میں جملہ91,50,363 درخواستیں وصول ہوئی تھیں۔ ان میں سے42,90,246 استفادہ کنندگان کو سبسیڈی دی جارہی ہے۔ حکومت کی جانب سے انہیں 500 روپے میں گیس سلنڈر سربراہ کیا جارہا ہے۔
سلنڈر کی مالیت 855روپے ہے ماباقی رقم355 روپے گیس کنکشن رکھنے والے استفادہ کنندگان کے اکاونٹ میں جمع کی جارہی ہے۔ اتم کمار ریڈی آج کونسل میں وقفہ سوالات کے دوران سوال کا جواب دے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اس اسکیم کیلئے سال2023-24 کیلئے80 کروڑ روپے مختص کئے گئے تھے سال 2024-25 کے لئے723.30 کرور روپے مختص کئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جس کے نام پر راشن کارڈ اور گیس کنکشن ہے اسے ہی گیس سلنڈر پر سبسیڈی دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سفید راشن کارڈ گیرندوں کو گیس سلنڈر پر سبسیڈی دی جائے گی اس سلسلہ میں اقدامات کئے جارہے ہیں۔