میڈیا میں میرے خلاف گمراہ کن مہم، افسوسناک: ایٹالہ راجندر
ای راجندر نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے سال2018 کے اسمبلی انتخابات میں بے روزگار نوجوانوں کو 3016 روپے ماہانہ الاونس دینے کا وعدہ کیا گیا تھا۔

حیدرآباد: بی جے پی کے رکن اسمبلی ای راجندر نے بعض اخبارات اور ٹی وی چینل کی جانب سے ان کے خلاف گمراہ کن پروپگنڈہ کرنے پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ان کے خلاف غلط خبریں شائع کی جارہی ہیں۔ غلط خبریں شائع کرنا تکلیف دہ حرکت ہے۔
ای راجندر نے آج اخباری نمائندوں سے کہا کہ وہ گذشتہ22 سال سے سیاسی زندگی میں ہیں۔ حلقہ اسمبلی حضور آباد کے عوام کی تائید انہیں حاصل ہے۔ انہیں شکست دینے کیلئے بی آر ایس کی جانب سے سرکاری مشنری کا غلط استعمال بھی کیا گیا تھا اورکثیر رقم خرچ کی گئی تھی۔
اس کے باوجود ان کے حلقہ کی عوام نے ان کی تائید کرکے انہیں کامیاب بنایا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی جانب سے ریاست کے ہر خاندان کو ماہانہ 2ہزار 5سو روپے کی مالی مدد فراہم کرنے کے علاوہ کئی وعدے کئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریاست کی تقریباً3کروڑ آبادی ہے اس میں ایک کروڑ50 لاکھ خواتین ہیں۔ کانگریس کی جانب سے اقتدار پر آنے کے بعد کس طرح ایک کروڑ 50لاکھ خواتین کو ماہانہ2500 روپے جاری کرے گی؟۔ عوام کو کانگریس کے اس گمراہ کن وعدوں پر یقین نہیں کرنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے سال2018 کے اسمبلی انتخابات میں بے روزگار نوجوانوں کو 3016 روپے ماہانہ الاونس دینے کا وعدہ کیا گیا تھا۔
مگر اقتدار پرفائز ہونے کے بعد ان وعدوں کو فراموش کردیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی جانب سے جلد اچھے منشور کا اعلان کیا جائے گا۔ اس منشور میں عوام سے جو وعدے کئے جائیں گے ان پر عمل آوری کی جائے گی۔