صدر ٹرمپ کا اچانک ایران سے بات کرنے کا خیال ڈیل ہونے تک ایران حزب اللّٰہ پر حملے جاری رکھیں گے نیتن یاہو
ٹینیسی میں سیاسی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا وہ چاہتے ہیں معاملہ جلد حل ہو اور ہم یہ کرنے جا رہے
واشنگٹن : امریکی میڈیا کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ گزشتہ ہفتے جب فلوریڈا روانہ ہو رہے تھے تو انہیں اچانک ایران سے جنگ بندی کا خیال آیا میڈیا رپورٹس کے مطابق فلوریڈا روانگی سے پہلے ڈونلڈ ٹرمپ نےکہا کہ جب آپ دوسرے فریق کو تباہ کر رہے ہوتے ہیں تو سیزفائر نہیں کرتے، لیکن تین دن کی مہلت اور ایران میں پراسرار اہلکار وں سے گفتگو کے بعد ٹرمپ کی سوچ بدل گئی لگتی ہے ۔
ٹینیسی میں سیاسی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا وہ چاہتے ہیں معاملہ جلد حل ہو اور ہم یہ کرنے جا رہے ہیں۔امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اب تو تجویز یہ ہے کہ پاکستان رواں ہفتے ایران اور امریکا کے درمیان ملاقات کی میزبانی کرے، مجوزہ ملاقات میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس شرکت کرسکتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق امریکا کے مؤقف میں یہ تبدیلی خلیجی اتحادیوں کی وارننگز کے بعد آئی ہے ، ان کی وارننگ تھی کہ ایران میں توانائی مراکز پر حملہ کشیدگی میں خطرناک اضافے کا سبب بن سکتا ہے۔
امریکی میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ مذاکرات کا اعلان پیر کو امریکی مارکیٹ کھلنے سے دو گھنٹے پہلے کیا گیا، اعلان نے وال اسٹریٹ میں تیزی پیدا کی، برینٹ کروڈ کی قیمت میں نمایاں کمی آئی، یہ دونوں عوامل ٹرمپ اور ان کے مشیروں کے لیے تشویش کا سبب بن رہے تھے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے توانائی اسٹرکچر پر 5 روز کے لیے حملے بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔صدر ٹرمپ نے ایک بیان میں یہ بھی کہا تھا کہ میں اور مجتبیٰ خامنہ ای مل کر آبنائے ہرمز کو کنٹرول کر سکتے ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم کا امریکی صدر سے ٹیلیفونک گفتگو کے بعد میڈیا پر پیغام میں کہنا ہے کہ ڈیل ہونے تک ایران اور حزب اللّٰہ پر حملے جاری رکھیں گے۔
نیتن یاہو نے کہا کہ امریکہ اور ایران امن بات چیت کرتے ہیں تو اسرائیل اپنے مفادات کا تحفظ کرے گا۔ اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ صدر ٹرمپ سمجھتے ہیں جنگ کے تمام مقاصد معاہدے سے حاصل کیے جاسکتے ہیں۔ ایسا معاہدہ ہمارے مفادات کا تحفظ کرے گا۔
علاوہ ازیں نیتن یاہو نے گزشتہ روز جنوبی شہر عراد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایرانی میزائل حملے کے بعد کی صورتِ حال کا جائزہ لیا
ایران نے امریکا کے ساتھ کسی بھی قسم کے مذاکرات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اب ہم آنکھ کے بدلے آنکھ نہیں ،سر لیں گے۔ ایران نے امریکا کے ساتھ مذاکرات کے لیے۶ اسٹریٹجک شرائط بھی پیش کر دی ہیں۔