بارش سے فصلوں کو نقصان، حکومت کسانوں کی مدد کرے گی: ونود کمار
ونود کمار نے کہا کہ محکمہ باغبانی، جنگلات اور زراعت کے عہدیدارضلع اور ریاست بھر میں فصلوں کو ہوئے نقصانات کا تخمینہ لگا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے بھی تباہ شدہ فصلوں کے کھیتوں کا معائنہ کرنے آنے کا امکان ہے۔
حیدرآباد: تلنگانہ منصوبہ بندی بورڈ کے نائب صدرنشین ونود کمار نے کہا ہے کہ حکومت ان کسانوں کی مدد کرے گی جن کی فصلیں بے موسم بارش اورژالہ باری کی وجہ سے متاثر ہوئی ہیں۔ ونود کمار نے ایم ایل اے ایس روی شنکر، ضلع کلکٹر آر وی کرنن، محکمہ زراعت، باغبانی اور جنگلات کے عہدیداروں کے ساتھ کریم نگر ضلع کے چپہ ڈنڈی حلقہ کے لکشمی پور، رام چندر پور اور دتوجی پیٹ مواضعات میں ژالہ باری سے تباہ شدہ فصلوں کا معائنہ کیا۔
ضلع میں چاول، مکئی، آم اور سبزیوں کی فصلوں کو بری طرح نقصان پہنچا، بعض مقامات پر فصل مکمل طور تباہ ہوگئی جس سے کسانوں کو شدید نقصان کا سامنا ہے۔ ونود کمار نے کسانوں کی ڈھارس بندھائی اور ان کو تسلی بھی دی۔
اس موقع پر ونود کمار نے کہا کہ محکمہ باغبانی، جنگلات اور زراعت کے عہدیدارضلع اور ریاست بھر میں فصلوں کو ہوئے نقصانات کا تخمینہ لگا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے بھی تباہ شدہ فصلوں کے کھیتوں کا معائنہ کرنے آنے کا امکان ہے۔
زراعت کے ضلعی عہدیدارکے ابتدائی تخمینہ کے مطابق کریم نگر ضلع میں اب تک 18 ہزار کسانوں کی تقریباً 21 ہزار ایکڑ فصلوں کو نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکام اب بھی متاثرہ علاقوں کا دورہ کر رہے ہیں اور نقصان کا جائزہ لے رہے ہیں۔ ونود کمار نے کہا کہ حکومت کسانوں کے بہترین مفاد میں فیصلہ کرے گی۔