جنوبی بھارت

کیرالہ میں فی الحال بارش میں کمی، ابھی بھی آٹھ افراد لاپتہ

وزیراعلی کے دفتر (سی ایم او) محصولات کے وزیر، اضلاع کے انچارج وزراء اور ضلع انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطہ قائم کر کے بارش سے جڑی آفت کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ سی ایم او نے اتوار کو کہا کہ بارش کم ہونے سے کچھ راحت ملی ہے، جس سے سیلاب متاثرہ علاقوں میں صفائی کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔

تھروواننت پورم: کیرالہ میں گزشتہ دنوں کے مقابلے بارش میں کمی کے باوجود ریاستی حکومت ابھی بھی ہائی الرٹ پر ہے۔

وزیراعلی کے دفتر (سی ایم او) محصولات کے وزیر، اضلاع کے انچارج وزراء اور ضلع انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطہ قائم کر کے بارش سے جڑی آفت کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ سی ایم او نے اتوار کو کہا کہ بارش کم ہونے سے کچھ راحت ملی ہے، جس سے سیلاب متاثرہ علاقوں میں صفائی کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔

سیاسی کارکنوں اور رضا کار تنظیموں سے صفائی مہم میں سرگرمی سے حصہ لینے کی اپیل کی گئی ہے اور حکومت نے بحالی کی کوششوں میں مکمل تعاون دینے کا یقین دلایا ہے۔

سرکاری اطلاعات کے مطابق، بارش سے جڑے واقعات میں آٹھ افراد کی موت ہوئی ہے اور آٹھ دیگر افراد لاپتہ ہیں۔ بارش سے جڑے حادثات میں تیرہ افراد زخمی ہوئے ہیں اور ریاست بھر میں کل 5792 افراد کو 209 ریلیف کیمپوں میں پہنچایا گیا ہے۔

تیز بارش سے 27 مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیں اور 196 مکانات کو جزوی طور پرنقصان پہنچا ہے۔ حکومت نے آفت میں اپنے گھر اور روزگار کھونے والے لوگوں کو ہر ممکن مدد کا یقین دلایا ہے۔

سی ایم او نے پہاڑی اور لینڈ سلائیڈنگ کے اندیشے والے علاقوں میں رہنے والے لوگوں سے بارش کم ہونے کے باوجود محتاط رہنے کی اپیل کی ہے۔ اس کے ساتھ ہی کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری احتیاطی اور ہنگامی تدابیر کی گئی ہیں۔

عوام کے نمائندے، سرکاری ایجنسیاں اور رضاکار متاثرہ علاقوں میں ریلیف اور باز آباد کاری کا کام کر رہے ہیں۔ لوگوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی مدد یا ہنگامی امداد کے لیے سرکاری افسران سے رابطہ کریں۔