حیدرآباد

بونال تہوار کے لیے حیدرآباد پولیس کا ہائی ٹیک انتظام، اے آئی سسٹم متعارف

 اس کے ذریعے پولیس کنٹرول روم کو فوری الرٹس موصول ہوتے ہیں، جس سے ہجوم کو منظم کرنے، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی کرنے میں مدد ملتی ہے۔

 سکندرآباد   : سکندرآباد بونال تہوار کے موقع پر زائرین کی بڑی تعداد کو منظم اور محفوظ انداز میں سنبھالنے کے لیے مہانکالی پولیس اسٹیشن میں پہلی بار مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی "کلاؤڈ مینجمنٹ سسٹم” قائم کیا گیا ہے۔

حیدرآباد کے پولیس کمشنر V. C. Sajjanar، آئی پی ایس نے اس جدید نظام کا معائنہ کیا اور متعلقہ افسران سے اس کی کارکردگی اور استعمال کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں۔

اس اے آئی سسٹم کے ذریعے مندر اور اطراف کے علاقوں میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں سے موصول ہونے والی تصاویر کا تجزیہ کیا جاتا ہے، جس کی مدد سے ہجوم کی کثافت، غیر معمولی نقل و حرکت، بھیڑ بڑھنے والے مقامات اور ممکنہ حفاظتی خدشات کی بروقت نشاندہی ممکن ہوتی ہے۔

 اس کے ذریعے پولیس کنٹرول روم کو فوری الرٹس موصول ہوتے ہیں، جس سے ہجوم کو منظم کرنے، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی کرنے میں مدد ملتی ہے۔

اس موقع پر ایڈیشنل سی پی (کرائمز) سرینواسلو، سکندرآباد زون ڈی سی پی رکشیتا کرشن مورتی، ٹاسک فورس ڈی سی پی ویبھو گائیکواڑ رگھوناتھ، سی سی ایس ڈی سی پی چیتنیہ کمار سمیت دیگر اعلیٰ پولیس افسران بھی موجود تھے۔

حیدرآباد پولیس کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے بونال تہوار کے دوران لاکھوں عقیدت مندوں کی حفاظت، ہجوم پر مؤثر نگرانی اور قانون و نظم کو مزید مضبوط بنایا جا سکے گا