جنوبی بھارت
ٹرینڈنگ

رام اور سیتا نے گوشت اور پراٹھا کھایا تھا، سی پی آئی رکن اسمبلی کا متنازعہ پوسٹ

سی پی آئی کے تھریسورکے رکن اسمبلی پی بالاچندرن نے جو پہلی مرتبہ منتخب ہوئے ہیں‘ مختلف گوشوں سے شدید احتجاج کے بعد جمعرات کے روز اپنے فیس بک پیج پر ایک متنازعہ سوشل میڈیا پوسٹ پر معذرت خواہی کرلی۔

کوچی: سی پی آئی کے تھریسورکے رکن اسمبلی پی بالاچندرن نے جو پہلی مرتبہ منتخب ہوئے ہیں‘ مختلف گوشوں سے شدید احتجاج کے بعد جمعرات کے روز اپنے فیس بک پیج پر ایک متنازعہ سوشل میڈیا پوسٹ پر معذرت خواہی کرلی۔

جس میں انہوں نے کہا تھا کہ بھگوان رام‘ لکشمن اور سیتا نے گوشت اور پراٹھا کھایا تھا۔ بالاچندرن کا پوسٹ چہارشنبہ کی شام نمودار ہوا تھا اور چند گھنٹوں بعد خود انہوں نے اسے واپس لے لیا تھا۔

جمعرات کے روز انہوں نے ایک نوٹ پوسٹ کیا جس میں انہوں نے مذکورہ پوسٹ ڈالنے پر معافی مانگ لی۔

انہوں نے کہا کہ بعض اوقات وہ کہانیاں تحریر کرتے ہیں اور انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایسی ہی ایک کہانی پیش کی تھی جو انہوں نے بہت پہلے لکھی تھی تاہم ان کے دوستوں اور بہی خواہوں کی جانب سے یہ اطلاع دیئے جانے پر کہ اس کی وجہ سے ہندوؤں کے جذبات مجروح ہوسکتے ہیں‘ انہوں نے اسے ہٹالیا۔

تھریسور کے ڈسٹرکٹ بی جے پی صدر کے کے انیش کمار نے کہا کہ بالاچندرن نے کہا تھا کہ یہ ان کی پارٹی کا موقف نہیں ہے اور خود انہوں نے یہ پوسٹ واپس لیا ہے اور اس پر معافی مانگ لی ہے۔