تلنگانہ میں آن لائن حج فامس کی اجرائی
صدرنشین تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی محمد سلیم کے ہاتھوں حج2024کے لئے آن لائن حج فامس کی اجرائی عمل میں آئی۔

حیدرآباد: صدرنشین تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی محمد سلیم کے ہاتھوں حج2024کے لئے آن لائن حج فامس کی اجرائی عمل میں آئی۔
حج ہاوز میں آج منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے 4دسمبر سے ہی آن لائن حج فامس کی اجرائی کا آغاز ہوچکا ہے اور یہ عمل20دسمبر تک جاری رہے گا۔
درخواست داخل کرنے کیلئے کوئی فیس مقرر نہیں کی گئی ہے۔ حیدرآباد کے عازمین کو درخواست داخل کرنے میں سہولت ورہنمائی کیلئے حج ہاوز میں خصوصی کاونٹر قائم کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ درخواست گزار اپنے فون میں اپلیکیشن کے ذریعہ یا حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائٹ www.hajcommittee.gov.in پر بھی فامس داخل کرسکتے ہیں۔عازمین کا قرعہ اندازی کے ذریعہ انتخاب کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ حج2024 کے لئے درخواست گزار کا پاسپورٹ 20دسمبر 2023 سے قبل جاری کردہ اور 31مئی 2025 تک کارکرد رہنا چاہئے۔70 سال کے درخواست گزاروں کو خصوصی محفوظ زمرہ میں شامل کیا جائے گا۔
اور ان کیلئے ایک مدد گار کو ساتھ رکھنے کی بھی اجازت رہے گی۔45 برس کی عمر والی صرف خواتین درخواست گزاروں کیلئے5خواتین کا گروپ ہونا ضروری ہے۔
قرعہ اندازی میں انتخاب کی صورت میں ہر عازم کو81,500 روپے ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال حج کرچکے افراد اس بار درخواست کے ادخال کے اہل نہیں رہیں گے۔