تلنگانہ میں جاری ریلوے پروجیکٹس کا جائزہ، ترقیاتی کاموں میں تیزی لانے پر زور
حیدرآباد : ریلوے بورڈ کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ستیش کمار نے اتوار کے روز تلنگانہ میں کازی پیٹ ریلوے مینوفیکچرنگ یونٹ، چرلاپلی ریلوے ٹرمینل، جنگاؤں امرت اسٹیشن اور انڈین ریلوے انسٹی ٹیوٹ آف سگنل انجینئرنگ اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کا دورہ کرکے مختلف منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔
جنوبی وسطی ریلوے کے جنرل منیجر سنجے کمار سریواستو اور دیگر سینئر حکام کے ہمراہ انہوں نے کازی پیٹ میں 597.68 کروڑ روپے کی لاگت سے زیر تعمیر ریلوے مینوفیکچرنگ یونٹ کا معائنہ کیا۔ یہ یونٹ جدید رولنگ اسٹاک اور نئی نسل کے ریلوے کوچز کی تیاری اور دیکھ بھال کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔
ستیش کمار نے یونٹ کی اہم پیداواری سہولیات کا بھی معائنہ کیا اور کازی پیٹ اور جنگاؤں میں جاری امرت اسٹیشن ری ڈیولپمنٹ منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔
چرلاپلی ریلوے ٹرمینل کے دورے کے دوران انہوں نے ریلوے پٹریوں، یارڈ اور مسافروں کی سہولیات کا معائنہ کیا، جبکہ پٹریوں کی دیکھ بھال کرنے والے ملازمین سے بھی بات چیت کی۔
انڈین ریلوے انسٹی ٹیوٹ آف سگنل انجینئرنگ اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کے دورے کے دوران انہوں نے دیسی ساختہ "کَوچ” (Kavach) خودکار ٹرین حفاظتی نظام کے نفاذ کا جائزہ لیا اور انہیں بھارتی ریلوے میں اس نظام کے توسیعی منصوبے کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔
جنوبی وسطی ریلوے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، بعد ازاں ریلوے بورڈ کے چیئرمین نے ریل نلائم میں واقع جنوبی وسطی ریلوے کے ہیڈکوارٹر میں جنرل منیجر سنجے کمار سریواستو اور دیگر اعلیٰ حکام کے ساتھ ایک تفصیلی جائزہ اجلاس منعقد کیا، جس میں ریلوے زون کی مجموعی کارکردگی اور جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔