پریاگ راج میں غازی میاں کی درگاہ پر بھگوا پرچم‘ 3 پولیس ملازمین معطل
معطل کردہ پولیس عہدیداروں میں بہاریہ چوکی انچارج روی کٹیار اور کانسٹیبلس انشوکمار اور سنیل کمار یادو شامل ہیں۔ اتوار کے دن 3 نامزد اور کئی نامعلوم افراد کے خلاف کیس درج ہوا۔

پریاگ راج(یوپی): پریاگ راج کے سکندرہ علاقہ کی ایک درگاہ پر بھگوا جھنڈا لہرانے کے واقعہ میں ایک سب انسپکٹر اور 2 کانسٹیبلس کو معطل کردیا گیا۔ پولیس نے منگل کے دن یہ بات بتائی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پولیس (ڈی سی پی) پشکر ورما کی انکوائری رپورٹ کی بنیاد پر یہ کارروائی کی گئی۔
معطل کردہ پولیس عہدیداروں میں بہاریہ چوکی انچارج روی کٹیار اور کانسٹیبلس انشوکمار اور سنیل کمار یادو شامل ہیں۔ اتوار کے دن 3 نامزد اور کئی نامعلوم افراد کے خلاف کیس درج ہوا۔
ڈی سی پی گنگانگر کلدیپ سنگھ تناوت نے یہ بات بتائی۔ ایک کلیدی ملزم منیندر سنگھ کو جو گروپ کی قیادت کررہا تھا‘ پیر کے دن گرفتار کرکے جیل بھیج دیا گیا۔ اتوار کے دن رام نومی کے موقع پر نوجوانوں کا ایک گروپ مذہبی نعرے لگاتا ہوا غازی میاں کی درگاہ کی کمان پر چڑھ گیا تھا اور اس نے وہاں بھگوا جھنڈے لہرائے تھے۔
پولیس نے مداخلت کرکے گروپ کو منتشر کردیا تھا۔ ڈی سی پی نے کہا کہ درگاہ میں 5 روضے ہیں جہاں ہندو اور مسلمان دونوں فرقوں کے لوگ چادر چڑھانے آتے ہیں۔