وقف ترمیمی بل کی مخالفت میں آندھرا وقف بورڈ اور کل ہند انجمن صوفی سجادگان کا بروقت اقدام قابل تقلید: خیر الدین صوفی
آندھرا پردیش وقف بورڈ اور کل ہند انجمن صوفی سجادگان نے وقف ترمیمی بل کی مخالفت میں بروقت اور دانشمندانہ قدم اٹھایا ہے، جسے مسلمانوں اور سیکولر طبقے کی جانب سے سراہا جا رہا ہے۔

حیدرآباد: آندھرا پردیش وقف بورڈ اور کل ہند انجمن صوفی سجادگان نے وقف ترمیمی بل کی مخالفت میں بروقت اور دانشمندانہ قدم اٹھایا ہے، جسے مسلمانوں اور سیکولر طبقے کی جانب سے سراہا جا رہا ہے۔
صوفی علماء کونسل کے صدر مولانا حکیم صوفی سید شاہ محمد خیر الدین قادری نے اس اقدام کو قابل تقلید قرار دیا ہے اور ان تمام افراد کی مذمت کی ہے جو اس بل کی تائید کر رہے ہیں۔
مولانا خیر الدین قادری نے اپنے بیان میں کہا کہ آر ایس ایس اور بی جے پی کی حمایت میں کھڑے مفاد پرست افراد مسلمانوں کے حقوق کی پامالی میں ملوث ہیں۔
انہوں نے کل ہند انجمن صوفی سجادگان کے دانشمندانہ فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام مسلمانوں کے مفادات کا تحفظ کرے گا اور موقع پرستوں کو بے نقاب کرے گا۔
آندھرا پردیش وقف بورڈ کی جانب سے بھی وقف ترمیمی بل کی مخالفت کی گئی ہے، جسے ریاست کے مسلمان خوش آئند قرار دے رہے ہیں۔ مولانا خیر الدین قادری نے امید ظاہر کی کہ ریاست کے چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو پارلیمنٹ میں بھی اس بل کی مخالفت کریں گے۔