مذہب

موٹر سے نلوں کا پانی کھینچنا

البتہ اگر سپلائی کی مقدار کم ہونے یا دوسرے لوگوں کے موٹر سے پانی کھینچنے کی وجہ سے کسی کو اپنا حصہ نہ مل پائے تو اپنے لازمی حصہ کے بقدر موٹر سے پانی کھینچنے کی اجازت ہے ؛ کیوںکہ یہ اس کا اپنا حق حاصل کرنا ہے ۔ واللہ اعلم

سوال:- مختلف گھروں میں نلوں کا کنکشن ہوتا ہے اور ایک گھر سے گذر کر دوسرے گھروں میں پانی پہنچتا ہے ، جس کا گھر پہلے ہوتا ہے وہ موٹر کے ذریعہ پانی کھینچتا ہے ، اس کے نتیجہ میں دوسروں کو پانی نہیں ملتا ، یا وہاں پانی کم پریشر کے ساتھ آتا ہے تو کیا ایسا کرنا شرعاً درست ہے ؟ (مصباح الدین، ملے پلی)

جواب :- جب کسی چیز میں مختلف لوگوں کی شرکت ہو تو اس میں ایسا تصرف کرنا جس سے دوسروں کا حق مارا جاتا ہو اور ان کو نقصان پہنچتا ہو ، جائز نہیں :

’’ وکل من شرکاء الملک أجنبی فی الامتناع عن تصرف مضر فی مال صاحبہ لعدم تضمنھا الوکالۃ‘‘ (درمختار : ۱؍۳۶۲)

بالخصوص ایسی صورت میں کہ حکومت یا پانی سپلائی کرنے والے ادارہ کی طرف سے اس کی اجازت نہیں ہوتی ؛ لہٰذا اس میں دوسروں کو نقصان پہنچانا بھی ہے اور قانون کی مخالفت بھی ہے ؛

حالاںکہ ملک کے ایک شہری ہونے کی حیثیت سے ہم نے حکومت سے قانون پابندی کا عہد کر رکھا ہے —