وقف بل، مسلمانوں کا بھلا کرے گا: مولانا شہاب الدین رضوی
آل انڈیا مسلم جماعت کے قومی صدر مولانا شہاب الدین رضوی بریلوی نے یہ کہتے ہوئے وقف ترمیمی بل کی تائید کی ہے کہ اس سے مسلمانوں کو قابل ِ لحاظ فائدہ پہنچے گا۔

نئی دہلی (آئی اے این ایس) آل انڈیا مسلم جماعت کے قومی صدر مولانا شہاب الدین رضوی بریلوی نے یہ کہتے ہوئے وقف ترمیمی بل کی تائید کی ہے کہ اس سے مسلمانوں کو قابل ِ لحاظ فائدہ پہنچے گا۔
یہ ان کے سماجی۔ معاشی حالات بہتر بنائے گا۔ انہوں نے مودی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ مولانا نے وقف بل کی منظوری پر اپنے پہلے ردعمل میں کہا کہ وقف ترمیمی بل عام مسلمانوں کو نقصان نہیں پہنچاتا بلکہ یہ ان کے لئے فائدہ مند ہے۔
ان لوگوں کو نقصان پہنچنے والا ہے جو وقف لینڈ مافیا ہیں اور جنہو ں نے مہنگی زمینیں دبارکھی ہیں۔ عام مسلمان اس سے متاثر نہیں ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس بل کا مقصد مسلم فرقہ کے غریب اور درکنار لوگوں کے مفادات کا تحفظ کرنا ہے۔
مولانا بریلوی نے وضاحت کی کہ وقف اراضی سے ہونے والی آمدنی کا استعمال غریب مسلمانوں کی سماجی و معاشی حالت سدھارنے کے لئے کیا جائے گا۔ کم آمدنی والے کنبوں کے بچوں کو بہتر تعلیم ملے گی۔ یتیموں اور بیواؤں کی مدد ہوگی۔
مولانا نے تیقن دیا کہ فنڈس کا استعمال منشائے وقف کے مطابق ہوگا۔ غیرمراعات یافتہ مسلمانوں کی تعلیمی و سماجی حالت سدھارنے کے لئے اسکول‘ کالج‘ مدرسے اور یتیم خانے کھولے جائیں گے۔
مذہبی مقامات کے تعلق سے تشویش دور کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وقف ترمیمی بل‘ مساجد‘ مدرسوں‘ عیدگاہوں‘ قبرستانوں اور درگاہوں کے لئے خطرہ نہیں ہے۔ مسلم فرقہ کو سیاسی بیانیوں سے گمراہ نہیں ہونا چاہئے۔ بعض سیاستداں اپنے فائدہ کے لئے مسلمانوں کو گمراہ کررہے ہیں۔ انہوں نے مسلم فرقہ سے اپیل کی ہے کہ وہ مشتعل نہ ہو۔