کانسٹبلس کا ابتدائی امتحان پرامن طورپر منعقد کیا گیا
تحریری امتحان آنجکٹو ٹائپ کاتھا جو 200 نشانات پر مشتمل تھا۔اس میں 60 نشانات حاصل کرنے پر کوالیفائی قرار دیا جائے گا۔ بعدازاں فزیکل ٹسٹ کے امتحان میں شرکت کرنا ہوگا۔

حیدرآباد: تلنگانہ بھر میں کانسٹیبلس کا ابتدائی امتحان پرامن طور پر منعقد کیاگیا۔ امتحان صبح 10 بجے شروع ہوا جو دوپہر ایک بجے تک جاری رہا۔ امیدوار ایک گھنٹہ قبل امتحانی مراکز پہنچ گئے کیونکہ اعلان کیا گیا تھا کہ انہیں ایک منٹ بھی تاخیر سے حاضر ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ہر ایک کو مکمل جانچ کے بعد ہی امتحانی مراکز میں جانے کی اجازت دی گئی۔ انتظامیہ نے امتحانی مراکز میں امیدواروں کے لیے بغیر کسی پریشانی کے انتظامات کیے ہیں۔محکمہ پولیس میں کانسٹیبلس کی جملہ 15,644، محکمہ ٹرانسپورٹ میں کانسٹیبلس کی 63 اور محکمہ ایکسائز میں 614 کانسٹیبلس کی ملازمتوں سے متعلق ابتدائی تحریری امتحان کے لیے جملہ 6,61,196 امیدواروں نے درخواستیں دی تھیں۔
ان کے لیے ریاست بھر میں 1,601 امتحانی مراکز قائم کیے گئے تھے۔ حکام نے امتحانی مراکز پر دفعہ 144 نافذ کر دیاتھا۔ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد پہلی مرتبہ محکمہ پولیس میں کانسٹیبلس کی اتنی بڑی تعداد میں تقرری کے لئے یہ امتحان منعقد ہوا۔
تحریری امتحان میں ایس سی، ایس ٹی امیدواروں کو 30 فیصد، بی کی امیدواروں کو 35 فیصد اور دیگر طبقات کے امیدواروں کو 40 فیصد نشانات حاصل کرنا لازمی تھا جس پر انہیں کوالیفائی قرار دیا جاتا تھا لیکن اس مرتبہ مذہب، ذات پات کی بنیاد کوختم کرتے ہوئے تمام امید واروں کوکم از کم 30 فیصد نشانات حاصل کرنے پر کوالیفائی قرار دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تحریری امتحان آنجکٹو ٹائپ کاتھا جو 200 نشانات پر مشتمل تھا۔اس میں 60 نشانات حاصل کرنے پر کوالیفائی قرار دیا جائے گا۔ بعدازاں فزیکل ٹسٹ کے امتحان میں شرکت کرنا ہوگا۔ فزیکل امتحان میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد پھر ایک مرتبہ تحریری امتحان ہوگا جس میں نگیٹیو مارکس نہیں ہوں گے۔