بین الاقوامی

لبنان میں امریکی سفارت خانہ پر حملہ کی کوشش ناکام

لبنانی فوجیوں نے چہارشنبہ کے دن بیروت کے قریب امریکی سفارت خانہ پر حملہ کی کوشش کرنے والے ایک بندوق بردار کو پکڑلیا۔ فوج نے یہ بات بتائی۔

بیروت: لبنانی فوجیوں نے چہارشنبہ کے دن بیروت کے قریب امریکی سفارت خانہ پر حملہ کی کوشش کرنے والے ایک بندوق بردار کو پکڑلیا۔ فوج نے یہ بات بتائی۔

ایک لبنانی سیکوریٹی عہدیدار نے امریکی نیوز ایجنسی دی اسوسی ایٹیڈ پریس(اے پی) کو بتایا کہ حملہ آور 4 تھے۔ ان میں وہ شامل ہے جو بندوق برداروں کو لے آیا تھا۔ تینوں نے گولیاں چلائیں۔

ایک شوٹر ہلاک ہوا‘ ایک بچ نکلا اور تیسرے کو جو زخمی ہوگیا تھا لبنانی فوج نے پکڑلیا۔ عہدیدار نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر یہ بات بتائی کیونکہ وہ پریس سے بات کرنے کا مجاز نہیں۔

حملہ ایسے وقت ہوا جب بحیرہ روم کے چھوٹے ملک میں کشیدگی بڑھتی جارہی ہے۔ کئی ماہ سے حزب اللہ کے لڑاکوں اور اسرائیلی فوجیوں میں جھڑپیں جاری ہیں۔ لبنانی فوج نے ایک بیان میں کہا کہ فوجیوں نے ایک قاتل کو مارڈالا جسے انہوں نے شامی شہری بتایا۔

زخمی بندوق بردار کو دواخانہ لے جایا گیا۔ حملہ کا مقصد واضح نہیں تاہم لبنانی میڈیا نے تصاویر شائع کیں جن میں زخمی حملہ آور کے لباس پر عربی میں داعش اور انگریزی میں آئی ایس (اسلامک اسٹیٹ) لکھا دیکھا جاسکتا ہے۔

مقامی میڈیا نے اطلاع دی کہ بیروت کے شمال میں مضافاتی علاقہ میں واقع امریکی سفارتی مشن میں بندوقوں کی لڑائی تقریباً 30 منٹ جاری رہی۔ امریکی سفارت خانہ نے کہا کہ صبح اس کے باب الداخلہ پر حملہ میں اسٹاف کا کوئی بھی آدمی ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔

لبنانی فوجی اور سفارت خانہ کا سیکوریٹی عملہ فوری حرکت میں آگیا تھا۔ لبنانی فوج نے کہا کہ اس نے سفارت خانہ اور اطراف کے علاقوں میں فورسس تعینات کردی ہیں۔ 1983 میں امریکی سفارت خانہ بیروت میں ہلاکت خیز حملہ میں 64 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

امریکی عہدیداروں نے اس حملہ کے لئے لبنانی لڑاکا گروپ حزب اللہ کو موردِ الزام ٹھہرایا تھا۔ اس حملہ کے بعد امریکی سفارت خانہ کو وسطی بیروت سے شہر کے شمال میں عیسائی مضافات میں منتقل کردیا گیا تھا۔ 20 ستمبر 1984 کو سفارت خانہ کی نئی عمارت پر بم حملہ ہوا تھا۔

ستمبر 2023 میں لبنانی سیکوریٹی فورسس نے ایک لبنانی شخص کو حراست میں لیا تھا جس نے امریکی سفارت خانہ پر گولیاں چلائی تھیں۔ اس حملہ میں کوئی بھی زخمی نہیں ہوا تھا۔ اکتوبر 2023 میں امریکی سفارت خانہ کے قریب سینکڑوں احتجاجی‘ سیکوریٹی فورسس سے متصادم ہوگئے تھے۔ وہ متاثرین ِ غزہ کی تائید میں مظاہرہ کررہے تھے۔