بھوبھارتی کیلئے ٹول فری ہیلپ لائن کا عنقریب آغاز، حکومت نے دھرانی پورٹل کو ختم کردیا: پی سرینواس ریڈی
انہوں نے بتایا کہ 9.26 لاکھ کے قریب زیر التواء سدا بینامہ درخواستوں کو، جن کے لیے دھرانی میں کوئی گنجائش نہیں تھی، اب بھو بھارتی کے تحت حل کیا جائے گا۔

حیدرآباد: ریاستی وزیرریونیو پی سرینواس ریڈی نے اعلان کیا کہ جلد ہی بھو بھارتی کے لیے ایک ٹول فری ہیلپ لائن شروع کی جائے گی، انہوں نے بھو بھارتی پائلٹ پروجیکٹ کا آغاز وینکٹاپور ضلع ملگ اور پوسائی گاؤں (ضلع عادل آباد) میں کیا۔
یہ نیا سسٹم اراضی ریکارڈ کی تازہ جانکاری پر مبنی ہے۔ سرینواس ریڈی نے سابقہ بی آر ایس حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس نے کئی اراضی تنازعات کو یوں ہی چھوڑ دیا، اور دھرانی پورٹل پر ریونیو، وقف، بھودان اور زرعی زمینوں سمیت تقریباً 18 لاکھ ایکڑ زمین کو پارٹ -بی میں ڈال دیا تھا، جن میں سے 6 سے 7 لاکھ ایکڑ زرعی اراضی آج بھی پارٹ -بی میں ہے، جس کی وجہ سے زمین مالکان کو غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت نے اپنا انتخابی وعدہ پورا کرتے ہوئے دھرا نی پورٹل کو ختم کر دیا ہے اور بھو بھارتی سسٹم ان مسائل کو حل کرنے کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قبائلی و غیر قبائلی اراضی تنازعات کے حل کے لیے جلد ایک کمیٹی تشکیل دی جایگی۔
انہوں نے بتایا کہ 9.26 لاکھ کے قریب زیر التواء سدا بینامہ درخواستوں کو، جن کے لیے دھرانی میں کوئی گنجائش نہیں تھی، اب بھو بھارتی کے تحت حل کیا جائے گا۔