تلنگانہ

تلنگانہ: شیواجی ریلی دیکھنے کے دوران دیوار گرنے سے 13 طلبا زخمی

شیواجی کی جینتی کے موقع پر نکالی گئی ریلی شام میں کالج کے قریب سے گذر رہی تھی کہ اس ریلی کو دیکھنے کے لئے ہاسٹل کے طلبا سیڑھیوں پر چڑھ گئے۔

حیدرآباد: تلنگانہ کے ضلع سوریہ پیٹ مستقر کے ایک جونیر کالج کے ہاسٹل کی عمارت کی دیوار اچانک گر گئی جس کے نتیجہ میں 13طلبا زخمی ہوگئے۔

شیواجی کی جینتی کے موقع پر نکالی گئی ریلی شام میں کالج کے قریب سے گذر رہی تھی کہ اس ریلی کو دیکھنے کے لئے ہاسٹل کے طلبا سیڑھیوں پر چڑھ گئے۔

طلبا کی بڑی تعداد اور ہاسٹل کی قدیم عمارت ہونے کے نتیجہ میں سیڑھیوں سے متصل دیوار اچانک گرگئی اور طلبا پہلی منزل سے نیچے گرگئے۔ ان کی شناخت سنجیو، ابھیلاش ریڈی،ومشی، پون،ستیش، سائی گنیش،آرپراوین، نتن،مدھو، سائی چرن،تیجا کے طورپر کی گئی ہے۔

اس واقعہ کے ساتھ ہی چوکس ہاسٹل کے ذمہ داروں نے ان زخمی طلبا کو علاج کیلئے مقامی افراد کے تعاون سے سوریہ پیٹ جنرل اسپتال پہنچایا جہاں وہ زیرعلاج ہیں۔ان زخمیوں میں ایک طالب علم شدید زخمی بتایا گیا ہے۔

اس کو بہتر علاج کے لئے حیدرآباد کے نمس منتقل کیاگیا۔اسی دوران ان زخمی طلبا کے والدین اطلاع کے ساتھ ہی اسپتال پہنچ گئے۔انہوں نے اسپتال میں ڈاکٹرس کی کمی کا الزام لگاتے ہوئے برہمی کااظہار کیا۔

اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی وزیر برقی جگدیش ریڈی اوررکن پارلیمنٹ لنگیا یادو نے اسپتال پہنچ کر زخمی طلبا کی عیادت کی اور ان کا بہتر علاج کرنے کا ڈاکٹرس کو مشورہ دیا۔

انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ زخمی طلبا کے بہتر علاج کے لئے ضرورت پڑنے پر حیدرآبادمنتقل کیاجائے۔اسی دوران بی جے پی کے ریاستی نائب صدرایس وینکٹیشورراو نے بھی اسپتال پہنچ کر زخمی طلبا کی عیادت کی۔

انہوں نے الزام لگایا کہ زخمی طلبا کو اسپتال منتقل کرنے کے آدھے گھنٹے تک علاج کے لئے ڈاکٹرس دستیاب نہیں تھے۔

a3w
a3w