تلنگانہ حکومت 15 اگست سے ایک کروڑ پانچ لاکھ نئے راشن کارڈ تقسیم کرے گی
اس پروگرام کا اعلان کرتے ہوئے ریاست کے آبپاشی، خوراک اور شہری رسد کے وزیر کیپٹن این اتم کمار ریڈی نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی ضلع سنگاریڈی میں اس تقسیم مہم کا باضابطہ افتتاح کریں گے، جبکہ یومِ آزادی کے موقع پر دوپہر 2 بجے سے شام 4 بجے کے درمیان ریاست کی تمام 119 اسمبلی حلقوں میں بھی بیک وقت اسی نوعیت کی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔
حیدرآباد: تلنگانہ حکومت ریاست بھر میں 15 اگست سے ایک کروڑ پانچ لاکھ نئے منظور شدہ لیمینیٹڈ پبلک ڈسٹری بیوشن سسٹم (پی ڈی ایس) راشن کارڈ تقسیم کرنے کا آغاز کرے گی۔ اس اقدام کا مقصد مستحق غریب خاندانوں کے لیے غذائی تحفظ کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
اس پروگرام کا اعلان کرتے ہوئے ریاست کے آبپاشی، خوراک اور شہری رسد کے وزیر کیپٹن این اتم کمار ریڈی نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی ضلع سنگاریڈی میں اس تقسیم مہم کا باضابطہ افتتاح کریں گے، جبکہ یومِ آزادی کے موقع پر دوپہر 2 بجے سے شام 4 بجے کے درمیان ریاست کی تمام 119 اسمبلی حلقوں میں بھی بیک وقت اسی نوعیت کی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔
وزیر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ریونیو ڈویژنل افسران (آر ڈی اوز) کے ساتھ مل کر راشن کارڈوں کی تقسیم کو منظم اور مؤثر طریقے سے یقینی بنائے۔ حکام کو مستحقین کی تصدیق، لیمینیٹڈ راشن کارڈوں کی طباعت، تقسیم مراکز پر ضروری انتظامات، عوامی سہولیات اور میڈیا کوریج کے انتظامات مکمل کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔
سرکاری بیان کے مطابق اتم کمار ریڈی نے اس پروگرام کو حکومت کی ایک اہم فلاحی اسکیم قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنانا چاہتی ہے کہ ہر نیا مستحق خاندان پبلک ڈسٹری بیوشن سسٹم (پی ڈی ایس) کے فوائد سے مستفید ہو، تاکہ تلنگانہ میں غذائی تحفظ کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔