نارائن پیٹ میں حضرت سید دادے شاہ پیرؒ کا 572 واں سالانہ عرس شریف 29 مئی سے آغاز
اس سلسلہ میں سجادہ نشین و متولی بارگاہ حضرت سید دادے شاہ پیر قادریؒ، رہبرِ شریعت و پیرِ طریقت حضرت مولانا قاری سید شاہ محسن احمد قادری المعروف سید محسن بابا حفظہ اللہ نے عرس شریف کے ملٹی کلر دیدہ زیب وال پوسٹرس کی رسمِ اجراء انجام دی۔ بعد ازاں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ سہ روزہ عرس شریف کی تقریبات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
نارائن پیٹ: تلنگانہ اور کرناٹک کی سرحد پر واقع تاریخی و روحانی مرکز آستانۂ عالیہ قادریہ، ضلع نارائن پیٹ میں جگر گوشۂ حضور پیرانِ پیرؓ قطب الاقطاب حضرت سید شاہ غلام احمد قادری المعروف حضرت دادے شاہ پیرؒ کا 572 واں سالانہ عرس شریف نہایت شان و شوکت اور مذہبی عقیدت کے ساتھ منایا جائے گا۔
اس سلسلہ میں سجادہ نشین و متولی بارگاہ حضرت سید دادے شاہ پیر قادریؒ، رہبرِ شریعت و پیرِ طریقت حضرت مولانا قاری سید شاہ محسن احمد قادری المعروف سید محسن بابا حفظہ اللہ نے عرس شریف کے ملٹی کلر دیدہ زیب وال پوسٹرس کی رسمِ اجراء انجام دی۔ بعد ازاں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ سہ روزہ عرس شریف کی تقریبات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ عرس شریف کا آغاز 11 ذوالحجہ 1447ھ مطابق 29 مئی 2026ء بروز جمعہ بعد نماز عشاء صندل شریف کی روح پرور تقریب سے ہوگا۔ 12 ذوالحجہ مطابق 30 مئی بروز ہفتہ چراغاں کی خصوصی تقریب منعقد ہوگی جبکہ 13 ذوالحجہ مطابق 31 مئی بروز اتوار بعد نماز فجر زیارت شریف کا اہتمام کیا جائے گا۔
عرس شریف کے موقع پر زائرین اور عقیدت مندوں کیلئے حسب روایت لنگرِ نیاز اور اصلی گھی و گُڑ سے تیار کردہ خصوصی کھیر کا بھی وسیع انتظام کیا گیا ہے۔
اس موقع پر عظیم الشان جلسۂ عظمتِ اولیاء اللہ بھی منعقد ہوگا جس میں برصغیر کے ممتاز عالم دین، شہنشاہِ خطابت اور جامعہ نظامیہ حیدرآباد کے شیخ العقائد حضرت علامہ الحاج سید شاہ عزیز اللہ قادری نقشبندی مجددی افتخاری چشتی بطور مہمانِ خصوصی خطاب فرمائیں گے۔
جلسہ سے مقامی علماء کرام حضرت علامہ حافظ مفتی محمد شفاعت علی نقشبندی مولوی کامل جامعہ نظامیہ اور حضرت مولانا قاضی حافظ فاروق بن مخاشن نظامی مولوی کامل جامعہ نظامیہ بھی خطاب کریں گے۔ جلسہ کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوگا جبکہ نعت شریف کی سعادت مولانا حافظ سید یونس قادری، جناب محمد امیر الیاس قادری اور حافظ و قاری محمد قتال حسینی حاصل کریں گے۔
عرس شریف تقاریب کی سرپرستی پیرِ طریقت حضرت مولانا الحاج سید شاہ محمد غیاث الدین قادری سجادہ نشین حضرت سید شاہ تقی بابا سبز پوشؒ انجام دے رہے ہیں جبکہ صدارت حضرت سید شاہ محسن احمد قادری فرمائیں گے۔
تقریبات میں حضرت مولانا سید شاہ خلیل احمد قادری، حضرت سید محمود میاں حسینی صدر درگاہ شریف کمیٹی اور دیگر علماء و مشائخِ عظام بھی شریک رہیں گے۔ نظامت کے فرائض جناب شیخ محمد حسین قادری انجام دیں گے۔
منتظمین نے تمام عقیدت مندوں، مریدین اور محبانِ اہل بیت و اولیاء اللہ سے عرس شریف کی تقریبات میں شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہ روحانی فیوض و برکات حاصل کرنے کا بہترین موقع ہے۔ خواتین کیلئے پردہ کا معقول انتظام بھی کیا گیا ہے۔