کلیان لکشمی اسکیم کے تحت خواتین کو 2500 روپے اور 2 تولہ سونا دینے کی خبر میں کوئی صداقت نہیں
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ تلنگانہ کے چیف منسٹر اے۔ ریونت ریڈی نے کلیان لکشمی اسکیم کے تحت خواتین کو باتھوکما تہوار سے 2500 روپے اور 2 تولہ سونا دینے کا اعلان کیا ہے۔
حیدرآباد: سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ تلنگانہ کے چیف منسٹر اے۔ ریونت ریڈی نے کلیان لکشمی اسکیم کے تحت خواتین کو باتھوکما تہوار سے 2500 روپے اور 2 تولہ سونا دینے کا اعلان کیا ہے۔
تاہم تلنگانہ فیکٹ چیک ہینڈل نے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس خبر میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
فیکٹ چیک کے مطابق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں چیف منسٹر ریونت ریڈی سے متعلق ایک فرضی دعویٰ پیش کیا گیا ہے۔ حکومت کی جانب سے کلیان لکشمی اسکیم کے تحت خواتین کو 2500 روپے اور 2 تولہ سونا فراہم کرنے کا ایسا کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔
حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایسی اطلاعات پر یقین کرنے یا انہیں آگے شیئر کرنے سے قبل سرکاری ذرائع سے تصدیق کریں۔
کلیان لکشمی تلنگانہ حکومت کی ایک فلاحی اسکیم ہے، جس کا مقصد اہل اور معاشی طور پر کمزور خاندانوں کی لڑکیوں کی شادی کے لیے مالی امداد فراہم کرنا ہے۔
تلنگانہ فیکٹ چیک کی وضاحت کے بعد وائرل ویڈیو میں کیے گئے 2500 روپے اور 2 تولہ سونے کے دعوے کو بے بنیاد قرار دیا گیا ہے۔