جمعیۃ علماء تلنگانہ و آندھرا پردیش کے صدر حافظ پیر شبیر احمد کا سانحہ ارتحال
جمعیۃ علماء تلنگانہ و آندھرا پردیش کے صدر، ممتاز عالمِ دین اور ملی و سماجی خدمات کے لیے معروف شخصیت، مولانا حافظ پیر شبیر احمد کا انتقال اتوار کی صبح نمازِ فجر کے وقت ہوا۔ ان کے انتقال سے ریاست کی دینی، تعلیمی اور ملی قیادت کو بڑا نقصان پہنچا ہے۔
حیدرآباد: جمعیۃ علماء تلنگانہ و آندھرا پردیش کے صدر، ممتاز عالمِ دین اور ملی و سماجی خدمات کے لیے معروف شخصیت، مولانا حافظ پیر شبیر احمد کا انتقال اتوار کی صبح نمازِ فجر کے وقت ہوا۔ ان کے انتقال سے ریاست کی دینی، تعلیمی اور ملی قیادت کو بڑا نقصان پہنچا ہے۔
مولانا مرحوم نہ صرف ایک فعال دینی قائد تھے بلکہ متحدہ آندھرا پردیش کی قانون ساز کونسل کے رکن کی حیثیت سے انہوں نے مسلمانوں کے تعلیمی، سماجی اور معاشی مسائل کے حل کے لیے مؤثر آواز بلند کی۔ وہ ہمیشہ مسلمانوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے کوشاں رہے۔
مولانا کے فرزندان بھی سماجی اور سیاسی میدان میں سرگرم ہیں۔ ان کے صاحبزادے پیر ارشاد احمد ناصر یوتھ کانگریس کے سینئر رہنما ہیں اور آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے ایس سی، ایس ٹی، بی سی اور اقلیتی امور کے قومی کنوینر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ایک اور فرزند پیر منیر جابر بھی حیدرآباد یوتھ کانگریس کے متحرک قائدین میں شمار ہوتے ہیں۔
مولانا کے بیٹے حافظ پیر خلیق احمد کے مطابق، نمازِ جنازہ اتوار کو نمازِ عصر کے بعد شاہین مرکز، سنتوش نگر میں ادا کی جائے گی۔ ان کی رحلت پر ریاست بھر میں رنج و غم کی لہر دوڑ گئی ہے، اور مختلف دینی، ملی اور سیاسی تنظیموں کی جانب سے تعزیت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔