تلنگانہ بھر میں جمعیۃ علماء کی گونج، 30 جون کو حیدرآباد میں عظیم الشان اجتماع کی تیاری
اس پروگرام میں قائد ملت اسلامیہ حضرت مولانا سید محمود اسعد مدنی صاحب مدظلہ، صدر جمعیۃ علماء ہند بحیثیت مہمان خصوصی شرکت فرمائیں گے، جبکہ مولانا محمد حکیم الدین قاسمی صاحب، جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ہند بھی اس جلسہ میں شریک ہوں گے۔

حیدرآباد: جمعیۃ علماء تلنگانہ کے صدر حضرت مولانا حافظ پیر شبیر احمد صاحب نے اپنے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ ملت اسلامیہ کی دینی قیادت، ملی مسائل کے حل، آئینی تحفظات، مساجد و مدارس اور اقلیتی حقوق کے دفاع کے مقصد سے جمعیۃ علماء ہند کی رکنیت سازی مہم زور و شور سے جاری ہے، جس کا اختتام صوبائی سطح کے ایک عظیم الشان جلسے پر ہوگا جو 30 جون 2025 کو حیدرآباد میں منعقد ہوگا۔
اس پروگرام میں قائد ملت اسلامیہ حضرت مولانا سید محمود اسعد مدنی صاحب مدظلہ، صدر جمعیۃ علماء ہند بحیثیت مہمان خصوصی شرکت فرمائیں گے، جبکہ مولانا محمد حکیم الدین قاسمی صاحب، جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ہند بھی اس جلسہ میں شریک ہوں گے۔
مولانا پیر شبیر احمد نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند ایک اصولی، دستوری اور تعمیری و اصلاحی جماعت ہے جو گزشتہ سو برس سے ملت اسلامیہ کی قیادت و رہنمائی اور ان کے دینی، تعلیمی، تمدنی اور معاشرتی حقوق کے تحفظ کے لیے سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ جماعت ملک گیر سطح پر ایک جامع نظریہ اور متوازن فکر کے ساتھ کام کر رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت تلنگانہ کے تمام اضلاع میں رکنیت سازی مہم پورے جوش و خروش سے جاری ہے اور اب تک 4 لاکھ افراد جمعیۃ علماء ہند کی رکنیت حاصل کرچکے ہیں، جب کہ مہم کا ہدف 15 لاکھ ارکان بنانا ہے۔ مختلف اضلاع کے ذمہ داران اس مہم میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں اور عوام کی بڑی تعداد اس میں شامل ہو رہی ہے۔
اس سلسلے میں رکنیت سازی کے کاموں کا جائزہ لینے اور مہم کو مزید مؤثر بنانے کے لیے جمعیۃ علماء تلنگانہ کی مرکزی قیادت کے اراکین ریاست کے مختلف اضلاع کا دورہ کریں گے۔
مقررہ وفود میں شامل رہنماؤں میں:
- مفتی محمد الیاس احمد حامد قاسمی – کریم نگر، جگتیال، منچریال، پداپلی، سدی پیٹ
- مفتی محمد یونس قاسمی – میدک، سنگاریڈی، وقارآباد
- مولانا مصدق القاسمی – حیدرآباد، رنگاریڈی، میڑچل
کے اضلاع کا دورہ کریں گے۔
یہ وفود 15 تا 25 جون 2025 تک تمام اضلاع کا معائنہ کریں گے۔
مولانا پیر شبیر احمد نے ضلعی صدور اور جنرل سکریٹریز سے اپیل کی ہے کہ وہ رکنیت سازی کی مہم کو مزید تیز کریں اور زیادہ سے زیادہ افراد کو جمعیۃ علماء کا حصہ بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ جمعیۃ علماء کے تعارف اور اس کے کارناموں کو عام کیا جانا نہایت ضروری ہے تاکہ نئی نسل کو بھی اس قیمتی ورثے سے روشناس کرایا جا سکے۔
30 جون کو منعقد ہونے والا صوبائی اجلاس اس مہم کی کامیابی کا مظہر ہوگا، جس میں ریاست بھر سے ہزاروں افراد کی شرکت متوقع ہے۔