ایران کی تعمیر نو کیلئے متحد ہوجائیں، سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کا عوام سے خطاب
انہوں نے امریکہ اور اسرائیل پر ایران کے خلاف “ناجائز اور جارحانہ” حملوں کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ان کارروائیوں سے نہ صرف ملک کا بنیادی ڈھانچہ (انفراسٹرکچر) متاثر ہوا ہے بلکہ ماحولیات کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
تہران: ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے کیے جانے والے حملوں کے باعث ملک کو شدید نقصان پہنچا ہے، اور اب وقت آ گیا ہے کہ پوری قوم متحد ہو کر ملک کی تعمیرِ نو کے لیے آگے بڑھے۔ انہوں نے یہ بات اسلامک ریپبلک ڈے کے موقع پر قوم سے اپنے خصوصی خطاب میں کہی۔
انہوں نے امریکہ اور اسرائیل پر ایران کے خلاف “ناجائز اور جارحانہ” حملوں کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ان کارروائیوں سے نہ صرف ملک کا بنیادی ڈھانچہ (انفراسٹرکچر) متاثر ہوا ہے بلکہ ماحولیات کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں ایران کو اندرونی ترقی پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے اور ایک مضبوط و روشن مستقبل کے لیے اجتماعی کوششیں کرنا ہوں گی۔
خطاب کے دوران انہوں نے مناب (Minab) کے ایک اسکول پر ہونے والے حملے کا خصوصی ذکر کیا، جس میں 186 افراد جان بحق ہوئے۔ انہوں نے ان شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ شہری اور دیہی علاقوں میں شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، تاکہ شہداء کی یاد کو زندہ رکھا جا سکے۔
دوسری جانب، Masoud Pezeshkian نے امریکی عوام کے نام ایک کھلا خط بھی تحریر کیا، جس میں انہوں نے واضح کیا کہ ایران کو امریکی عوام سے کوئی دشمنی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے ہمیشہ دباؤ اور پابندیوں کا سامنا کیا ہے، لیکن کبھی جنگ کا آغاز نہیں کیا، بلکہ اپنے دفاع میں اقدامات کیے ہیں۔
مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان ایران کی جانب سے یہ بیان ایک اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جس میں قومی اتحاد اور ترقی پر زور دیا گیا ہے۔