شال پر بی آر ایس اور بی جے پی قائدین کا ایک دوسرے پر طنز
چیف منسٹر تلنگانہ کے چندرشیکھرراؤ کی حیدرآباد میں منعقدہ وزیر اعظم نریندرمودی کے پروگراموں سے دوری کے ایک دن بعد حکمراں جماعت بی آر ایس اور اپوزیشن بی جے پی کے قائدین کے درمیان اتوار کے روز لفظی جنگ جاری رہی۔

حیدرآباد: چیف منسٹر تلنگانہ کے چندرشیکھرراؤ کی حیدرآباد میں منعقدہ وزیر اعظم نریندرمودی کے پروگراموں سے دوری کے ایک دن بعد حکمراں جماعت بی آر ایس اور اپوزیشن بی جے پی کے قائدین کے درمیان اتوار کے روز لفظی جنگ جاری رہی۔
تلنگانہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے کمار نے ٹویٹر پر شال کی تصویر پوسٹ کی اور اُنہوں نے یہ دعویٰ کیا کہ پریڈ گراؤنڈ کے جلسہ عام میں چیف منسٹر کے سی آر کو یہ شال پیش کرنے کیلئے تیار رکھا گیا تھا۔
ہفتہ کے روز پریڈ گراؤنڈ پر منعقدہ جلسہ میں اگر کے سی آر شرکت کرتے تو انہیں یہ خوبصورت شال پیش کی جاتی تھی اور یہ شال، کے سی آر پر خوب ججتی تھی مگر کے سی آر نے جلسہ سے دوری اختیار کی۔
بنڈی سنجے نے ٹویٹر پر یہ بات کہی۔ بی آر ایس کے قائد کرشنک منے نے بنڈی سنجے کے ٹویٹ کا نریندرمودی کی ناراض بیوی جشودا بین کی تصویر کے ساتھ جواب دیتے ہوئے کہاکہ یہ ”شال اس میڈم کو روانہ کریں! تاکہ وہ خوش ہوتیں کہ مودی جی نے کم سے کم ایک شال تو انہیں روانہ کیا ہے۔“
بنڈی سنجے نے کہاکہ دعوت نامہ روانہ کیا گیا تھا۔ شال بھی تیار تھی اور کے سی آر کے اعزاز کیلئے کرسی بھی رکھی گئی تھی مگر کے سی آر، مسلسل وزیر اعظم نریندرمودی جی کے دوروں سے دوررہتے ہیں۔