سستا ایندھن اور نوکریاں دینے راہول گاندھی کا وعدہ
یہ مکتوب تمام علاقائی زبانوں میں تحریر کیا گیا ہے اور اس مشق کا مقصد یہ ہے کہ کانگریس بھارت جوڑو یاترا سے سیاسی فائدے حاصل کرنا چاہتی ہے۔ راہول گاندھی نے اپنے مکتوب میں سبھی موضوعات کا احاطہ کرنے کی کوشش کی ہے۔

نئی دہلی: کانگریس قائد راہول گاندھی نے عوام تک پہنچنے کے بڑے پروگرام میں ملک کے عوام کو مکتوب لکھا ہے جس میں انہوں نے سستے پٹرول ڈیزل‘ 500 روپے میں گیس سلنڈر‘ نوکریاں اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا وعدہ کیا ہے۔
پارٹی نے جمعہ کے دن اعلان کیا کہ وہ راہول گاندھی کے مکتوب کو مرکزی حکومت کے خلاف چارج شیٹ کے ساتھ 26 جنوری سے ہر گھر پہنچائے گی۔ مکتوب کے آخر میں آپ کا اپنا راہول لکھا ہے۔
یہ مکتوب تمام علاقائی زبانوں میں تحریر کیا گیا ہے اور اس مشق کا مقصد یہ ہے کہ کانگریس بھارت جوڑو یاترا سے سیاسی فائدے حاصل کرنا چاہتی ہے۔ راہول گاندھی نے اپنے مکتوب میں سبھی موضوعات کا احاطہ کرنے کی کوشش کی ہے۔
انہوں نے لکھا کہ یہ مکتوب تاریخی 3500 کیلومیٹر طویل بھارت جوڑو یاترا کے مکمل ہونے کے بعد لکھا گیا ہے جس میں لاکھوں ہندوستانیوں نے ان کے ساتھ کنیاکماری تا کشمیر حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ معاشی بحران شدت اختیار کررہا ہے‘ نوجوانوں میں بے روزگاری ہے۔
مہنگائی ناقابل برداشت ہے۔ ملک کی دولت پر کارپوریٹ کا قبضہ ہوچکا ہے۔ لوگ نوکریاں جانے سے پریشان ہیں۔ان کی آمدنی گھٹتی جارہی ہے اور بہتر مستقبل کے ان کے خواب بکھررہے ہیں۔ راہول گاندھی نے کہا کہ ملک میں ناامیدی کا احساس گہرا ہوتا جارہا ہے۔
آج ہماری تکثیریت تک خطرہ میں ہے۔ پھوٹ ڈالنے والی طاقتیں ہمارے تنوع کو ہمارے خلاف بدلنے کی کوشش کررہی ہیں۔ مختلف مذاہب‘ برادریوں اور علاقوں کو ایک دوسرے کے مدمقابل کھڑا کیا جارہا ہے۔
یہ قوتیں جن کی تعداد مٹھی بھر ہیں‘ جانتی ہیں کہ لوگ جب خود کو غیرمحفوظ محسوس کریں گے اسی وقت دوسروں کے خلاف نفرت کے بیج بوئے جاسکیں گے۔